جمعہ 17؍شعبان المعظم 1444ھ10؍مارچ 2023ء

کراچی: غیر ملکی ایئرلائن کے مسافر متبادل خصوصی پرواز سے دبئی روانہ

طیارے کے انجن میں نقص کے باعث کراچی میں دوبارہ لینڈ کرنے والی فلائی دبئی کی پرواز کے 168 مسافر کراچی ایئرپورٹ سے 9 گھنٹے بعد متبادل خصوصی پرواز سے دبئی روانہ ہوگئے۔

پرواز ایف زیڈ 8087 کو متبادل کے طور پر فلائی دبئی کی انتظامیہ نے بوئنگ 737 طیارہ کراچی بھیجا۔ 

یہ خصوصی پرواز صبح 10 بجے سے کراچی ایئرپورٹ پر موجود فلائی دبئی کی پرواز ایف زیڈ 334 کے 168 مسافروں کو لے کر دبئی روانہ ہوگئی۔

فلائی دبئی کی پرواز ایف زیڈ 334 نے جناح ایئرپورٹ سے مقررہ وقت سے 12 منٹ کی تاخیر کے بعد صبح 10:07 بجے ٹیک آف کیا تھا۔

اڑان بھرنے کے چند سیکنڈ بعد ہی بوئنگ 737 طیارے کے ایک انجن سے شدید گڑگڑاہٹ کی آوازیں آنے پر پائلٹ نے ایئر ٹریفک کنٹرول کو طیارے سے پرندہ ٹکرانے کی اطلاع دی۔

ایئر ٹریفک کنٹرول نے پائلٹ کو فوری لینڈنگ کی ہدایت کی، طیارہ انتہائی نچلی پرواز کرتے ہوئے بحریہ ٹاؤن سے ہوتے ہوئے روانگی کے ٹھیک 11 منٹ بعد جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی میں 10:18 پر بحفاظت لینڈ کر گیا تھا۔ 

طیارے میں سوار ایک مسافر نے بتایا کہ اڑان بھرنے کے چند سیکنڈ بعد ہی  ایک انجن سے خوفناک آوازیں آئیں۔

لینڈنگ کے بعد مسافروں کو فوری طور پر طیارے سے اتار کر ٹرانزٹ لاؤنج منتقل کیا گیا۔ 

ترجمان ایوی ایشن نے طیارے کا معائنہ مکمل ہونے کے بعد پرندہ ٹکرانے کا معاملہ مشکوک قرار دیا۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی ترجمان کے مطابق فلائی دبئی فلائٹ کے پائلٹ نے انجن نمبر 2 میں گڑگڑاہٹ رپورٹ کی اور جہاز واپس اتارنے کی اجازت مانگی، اس موقع پر کسی قسم کے ہنگامی اقدامات کی ضرورت نہیں پڑی۔ 

ترجمان کے مطابق رن وے اور جہاز کے انجن کے معائنے پر پرندہ ٹکرانے کے شواہد نہیں ملے البتہ انجن کے تین بلیڈ تسلی بخش حالت میں نہیں تھے، وہ ٹیڑھے پائے گئے۔

ذرائع کے مطابق طیارے کے انجن میں شدید نقص کی وجوہات فوری طور پر سامنے نہیں آئیں۔

ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق تفصیلی معائنے کے بعد طیارے کو فوری پرواز کے قابل قرار نہیں دیا گیا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.