قومی معاملات پر اتفاقِ رائے وقت کی ضرورت ہے: وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو معاشی استحکام کے بعد کم از کم 6 فیصد شرح نمو کے ہدف تک پہنچنا ہوگا، جبکہ ملک کو درپیش بڑے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تمام اہم قومی معاملات پر اتفاق رائے اور بامقصد مکالمے کی ضرورت ہے۔
اسلام آباد میں قومی سلامتی ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے گزشتہ ڈھائی سال کے دوران معیشت کی بہتری کے لیے مشکل فیصلے کیے اور اصلاحات کا عمل آگے بڑھایا، تاہم ان اقدامات کا سب سے زیادہ بوجھ عام شہریوں کو برداشت کرنا پڑا۔ اب وقت آگیا ہے کہ ملک کو حاصل ہونے والی کامیابیوں کو معاشی ترقی اور عوام کی خوشحالی میں تبدیل کیا جائے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے زر مبادلہ کے ذخائر ممکنہ طور پر تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکے ہیں، لیکن اس پیش رفت کو پائیدار معاشی ترقی میں بدلنے کے لیے مزید اقدامات کرنا ہوں گے۔ حکومت نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو میں طویل عرصے سے زیر التوا اصلاحات متعارف کرائیں اور پہلی مرتبہ ادارے سے انتہائی بدعنوان عناصر کا خاتمہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کی نجکاری نہ کی جاتی تو قومی خزانے کو ہر سال 30 ارب روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑتا، اس لیے ہمیں عہد کرنا ہوگا کہ دوبارہ ماضی کی غلطیوں کی طرف نہیں لوٹیں گے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کی بڑھتی ہوئی آبادی ملکی ترقی کی راہ میں ایک بڑا چیلنج بن رہی ہے، جس سے نمٹنے کے لیے بھی معاشی اصلاحات کی طرح مشکل فیصلے کرنا ہوں گے۔ معاشی ترقی کے ثمرات عام شہریوں تک پہنچانے کے لیے آبادی میں اضافے کی رفتار کو قابو میں لانا ناگزیر ہے۔ اس اہم معاملے پر غور کے لیے جلد ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی کا اجلاس بھی بلایا جائے گا۔
علاقائی امن و سلامتی کے حوالے سے شہباز شریف نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور امن کے قیام کے لیے غیر معمولی کوششیں کیں۔ پاکستان نے 47 سال بعد ایران اور امریکا کو اسلام آباد میں مذاکرات کی میز پر لانے میں کامیابی حاصل کی، جو ایک اہم سفارتی پیش رفت تھی۔ انہوں نے کہا کہ ان کوششوں نے عالمی سطح پر پاکستان کے مثبت کردار کو اجاگر کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ رواں سال پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان سہ فریقی دفاعی معاہدہ طے پایا، جس سے ان ممالک کے درمیان اسٹریٹجک تعاون کو مزید تقویت ملی ہے۔ ترکیہ کی شمولیت سے یہ شراکت داری خطے میں سلامتی، مشترکہ مفادات، ترقی اور خوشحالی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گی۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ تینوں ممالک کے درمیان دفاعی معاہدہ کسی دوسرے ملک کے خلاف نہیں ہے۔
وزیراعظم نے معرکہ حق کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان کی بہادر مسلح افواج نے بھارت کو بھرپور جواب دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اب ان کامیابیوں کو معاشی میدان میں پیش رفت اور قومی ترقی کا ذریعہ بنانے کی ضرورت ہے۔
ملکی سلامتی کی صورت حال پر بات کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مسلح افواج کے جوان اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں۔ خیبرپختونخوا میں سونے کی غیر قانونی کان کنی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اس سرگرمی کو مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے اور غیر قانونی کان کنی میں ملوث گروہوں کو روک دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گورنر راج اور ہنگامی حالت کے نفاذ کا فیصلہ بھی ناگزیر حالات کے باعث کرنا پڑا۔
معدنی وسائل کے شعبے سے متعلق وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کا ہدف صرف خام معدنیات نکالنا نہیں بلکہ ان کی صفائی، تیاری اور صنعتی عمل سے گزارنے کے بعد قیمتی مصنوعات کی صورت میں برآمد کرنا ہے۔ اس مقصد کے لیے مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے معدنیات کی قدر میں اضافے کا باقاعدہ منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ کان کنی کی کمپنیوں کو اپنے معاہدوں کے تحت مقررہ مدت میں دھات پگھلانے کے کارخانے قائم کرنا ہوں گے، جبکہ حکومت معدنیات کی قدر میں اضافے سے متعلق پالیسی پر مکمل عمل درآمد یقینی بنائے گی۔
توانائی کے شعبے میں حکومتی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ توانائی کی مشکلات کم کرنے کے لیے حکومت نے مسلسل محنت کے بعد ایک مؤثر طریقہ کار وضع کیا۔ بحرانی صورت حال کے ابتدائی چند ہفتوں کے دوران وفاقی حکومت نے 28 ارب روپے کی سبسڈی فراہم کی، جبکہ اب تک ایندھن پر رعایت کی مد میں مجموعی طور پر 50 ارب روپے خرچ کیے جا چکے ہیں۔ ان کے مطابق ایندھن پر سبسڈی کی فراہمی کا نظام اطمینان بخش انداز میں جاری ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت