پاکستانی فوجی دستے طے شدہ معاہدوں کے تحت سعودی عرب روانہ

پاکستانی فوجی دستے طے شدہ معاہدوں کے تحت اپنی ذمہ داریاں انجام دینے کے لیے سعودی عرب روانہ ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سعودی عرب روانہ ہونے والے فوجی دستوں کے اعزاز میں الوداعی تقریب منعقد ہوئی، جس میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں سعودی عرب کے سفیر ڈاکٹر راجح تامی البقامی، چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل عمر احمد بخاری اور کمانڈر لاہور کور لیفٹیننٹ جنرل محمد عمر بشیر بھی موجود تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستانی فوجی دستے طے شدہ معاہدوں کے تحت سعودی عرب میں اپنی ذمہ داریاں ادا کریں گے۔ ان کی تعیناتی سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے پاکستان کے عزم کی عکاس ہے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ پاکستان حرمین شریفین کے تقدس اور سعودی عرب کی سلامتی کے تحفظ کے عزم پر قائم ہے۔ پاکستانی فوجی دستوں کی تعیناتی سعودی عرب کی دفاعی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگی۔
اس موقع پر پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ تعلقات، باہمی اعتماد اور تزویراتی تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔
بشکریہ روزنامہ جسارت