ایڈمن سوسائٹی: عمارت کے ملبے سے مزید ایک لاش برآمد، تعداد 15 ہوگئی
کراچی: ایڈمن سوسائٹی میں منہدم ہونے والی عمارت کے ملبے سے مزید ایک لاش نکال لی گئی، جس کے بعد حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 15 ہوگئی ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق عمارت کا ملبہ ہٹانے اور اس میں دبے افراد کی تلاش کا کام جاری ہے۔ اب تک ملبے سے 15 لاشیں نکالی جاچکی ہیں، جبکہ امدادی کارروائیوں کے دوران انتہائی احتیاط برتی جا رہی ہے۔
ریسکیو ترجمان نے بتایا کہ ملبے سے نکالی گئی پندرہویں لاش کی شناخت محمد مفید ولد غمین گل کے نام سے ہوئی ہے۔
ترجمان کے مطابق عمارت کا ملبہ ہٹانے کے دوران احتیاط سے کام لیا جا رہا ہے تاکہ باقی ماندہ ڈھانچے کو مزید نقصان پہنچنے یا کسی دوسرے حادثے سے بچایا جاسکے۔ امدادی ٹیمیں مرحلہ وار ملبہ ہٹا کر اس کے نیچے موجود افراد کی تلاش کر رہی ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ جائے حادثہ پر امدادی سرگرمیاں جاری ہیں اور ملبہ مکمل طور پر ہٹانے تک تلاش کا عمل جاری رکھا جائے گا۔ آئندہ کارروائی بھی احتیاط کے ساتھ جاری رہے گی۔
بشکریہ روزنامہ جسارت