الماری کے عقب سے 40 سال بعد نایاب پینٹنگ برآمد، 48 لاکھ 78 ہزار ڈالر میں نیلام

نیویارک: امریکی شہر نیویارک کے علاقے مین ہٹن میں ایک اپارٹمنٹ کی الماری کے عقب میں تقریباً 40 سال تک چھپی رہنے والی معروف امریکی مصورہ جارجیا او کیفے کی نایاب پینٹنگ بالآخر منظر عام پر آگئی، جسے کرسٹیز نیلام گھر میں 48 لاکھ 78 ہزار ڈالر میں فروخت کردیا گیا۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق 1930 میں تخلیق کیا گیا یہ فن پارہ ’’Near Abiquiu, New Mexico I‘‘ کئی دہائیوں تک ایک لکڑی کے ڈبے میں محفوظ رہا۔ پینٹنگ کو نیویارک کے ایسٹ ولیج میں واقع ایک اپارٹمنٹ کی الماری میں کپڑوں کے پیچھے رکھا گیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق پینٹنگ کی مالکن نے اسے کئی برس تک اپنے اپارٹمنٹ کی دیوار پر آویزاں رکھا، تاہم 1980 کی دہائی کے وسط میں ایک مہمان کی جانب سے پینٹنگ میں غیر معمولی دلچسپی ظاہر کیے جانے کے بعد انہوں نے اسے دوبارہ اس کی اصل لکڑی کی پیکنگ میں بند کرکے الماری میں محفوظ کردیا۔
یہ پینٹنگ 2022 میں اس وقت دوبارہ منظر عام پر آئی جب اس کی مالکن نے اپنی بھانجی کو اس کی موجودگی کے بارے میں بتایا۔ مالکن کے انتقال کے بعد بھانجی نے پینٹنگ کے بارے میں کرسٹیز نیلام گھر سے رابطہ کیا، جہاں ماہرین نے اس فن پارے کی جانچ پڑتال کے بعد اسے جارجیا او کیفے کا اصل کام قرار دیا۔
رپورٹ کے مطابق پینٹنگ کی مالکن کی والدہ نے 1963 میں مین ہٹن کی ڈاؤن ٹاؤن گیلری سے یہ فن پارہ 3 ہزار 800 ڈالر میں خریدا تھا اور اپنی بیٹی کو تعلیمی کامیابی پر تحفے میں دیا تھا۔
10 بائی 24 انچ کی اس پینٹنگ میں امریکی ریاست نیو میکسیکو کے علاقے لوبو پیک کا قدرتی منظر پیش کیا گیا ہے۔ اس فن پارے کی موجودگی پہلے صرف 1931 میں لی گئی ایک تصویر کے ذریعے معلوم تھی، جبکہ اصل پینٹنگ کئی دہائیوں تک نظروں سے اوجھل رہی۔
کرسٹیز نیلام گھر میں 17 نومبر 2026 کو ہونے والی 20ویں صدی کی آرٹ نیلامی میں یہ پینٹنگ 48 لاکھ 78 ہزار ڈالر میں فروخت ہوئی، جو اس کی ابتدائی تخمینہ شدہ قیمت تقریباً 30 لاکھ ڈالر سے کہیں زیادہ ہے۔
واضح رہے کہ جارجیا او کیفے امریکی جدید مصوری کی ممتاز ترین فنکاراؤں میں شمار ہوتی ہیں۔ وہ پھولوں، قدرتی مناظر اور امریکی جنوب مغربی علاقوں کی مصوری کے حوالے سے عالمی شہرت رکھتی ہیں۔ ان کا انتقال 1986 میں 98 برس کی عمر میں ہوا تھا۔
بشکریہ روزنامہ جسارت