اتوار، 29 نومبر، 2026 · 20 جمادی الثانی، 1448 ہجری

شمالی یمن میں لاکھوں افراد بھوک کا شکار، امدادی تنظیموں کی سرگرمیاں محدود اور فنڈز کی شدید کمی

قومی خبریں
شمالی یمن میں لاکھوں افراد بھوک کا شکار، امدادی تنظیموں کی سرگرمیاں محدود اور فنڈز کی شدید کمی

صنعاء: یمن کے شمالی علاقوں میں لاکھوں افراد شدید بھوک اور بنیادی ضروریات زندگی کی کمی کا سامنا کر رہے ہیں، جبکہ انسانی امدادی تنظیموں کو سرگرمیوں پر پابندیوں اور مالی وسائل کی قلت کے باعث مشکلات کا سامنا ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق نارویجن ریفیوجی کونسل (این آر سی) کے سربراہ یان ایگلینڈ نے صنعاء میں انٹرویو کے دوران بتایا کہ شمالی یمن میں 2 کروڑ سے زائد افراد کو بنیادی معیار زندگی برقرار رکھنے کے لیے درکار امداد میسر نہیں۔

یان ایگلینڈ کا کہنا تھا کہ شمالی یمن میں لاکھوں افراد شدید بھوک اور انتہائی مشکل حالات سے دوچار ہیں۔ ان کے مطابق ملک کے جنوبی حصے میں متعدد بین الاقوامی امدادی تنظیمیں کام کر رہی ہیں، جبکہ شمالی علاقوں میں امدادی تنظیموں کی تعداد انتہائی کم رہ گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جانب سے شمالی یمن میں امدادی سرگرمیاں معطل ہونے اور امدادی کارکنوں کی گرفتاریوں کے بعد خوراک کی فراہمی متاثر ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی مکمل معاونت کے بغیر شمالی یمن کے تمام متاثرہ افراد تک پہنچنا ممکن نہیں، جبکہ ورلڈ فوڈ پروگرام ہی پوری آبادی کو خوراک فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

یان ایگلینڈ نے مزید بتایا کہ اقوام متحدہ کی جانب سے 2026 کے لیے بنیادی امداد کی اپیل کو مطلوبہ فنڈز کا صرف 20 فیصد حاصل ہوسکا ہے، جبکہ ہنگامی پناہ گاہوں کے لیے فنڈنگ کی اپیل صرف 13 فیصد پوری ہوسکی ہے۔ انہوں نے اس صورتحال کو تباہ کن قرار دیا۔

نارویجن ریفیوجی کونسل کے سربراہ کے مطابق امدادی سرگرمیوں میں رکاوٹوں کے ساتھ مختلف ممالک کی جانب سے امدادی بجٹ میں کمی اور پابندیوں نے بھی صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ یمن میں غذائی قلت کی شدت کے باعث آئندہ چھ ماہ میں اس سے ہونے والی اموات میں اضافے کا خدشہ ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت