سوڈان میں ایک بار پھر ڈرون حملہ‘ متعدد ہلاکتیں

خرطوم : سوڈان میں ایک بار پھر مسافرگاڑی پر ڈرون حملہ کیا گیا ، جس کے نتیجے میںمتعدد افراد ہلاک اور زخمی ہو گئے ہیں۔
عالمی میڈیا کے مطابق سوڈان کی ریاست مغربی کردوفان میں مسافروں اور سامان سے لدے ٹرک پرایک بار پھر ڈرون حملہ کیا گیا ہے ، جس کے نتیجے میں پہلے تو 11 افراد کے ہلاک اور 9 زخمی ہونے کی اطلاعات تھیں، جوکہ اب تازہ ترین رپورٹ کے مطابق ہلاک ہونے والوں کی تعداد میں 9 افراد کا اضافہ ہوکر اب 20 تک پہنچ گئی ہے۔ جہاں اب بھی چند زخمی ہیں، جنہیں مسلسل طبی امداد دی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ مذکورہ حملہ مغربی کردوفان کے قصبے غبیش میں ہوا، جو نیم فوجی دستوں ریپڈ سپورٹ فورسز کے زیر کنٹرول ہے۔ اور یہاںآر ایس ایف 2023 ءسے سوڈانی فوج کے خلاف برسرِ پیکار ہے۔ اس جنگ میں اب تک دسیوں ہزار افراد ہلاک اور لاکھوں بے گھر ہو چکے ہیں۔ مقامی میڈیا کے مطابق ڈرون نے ایک ایسے ٹرک کو نشانہ بنایا، جس میں 25 افراد سوار تھے اور اس میں گم عربک (ایک قسم کا گوند) بھی لدا ہوا تھا، جسے غبیش کی منڈی میں فروخت کے لیے لے جایا جا رہا تھا۔
یہ بات بھی علم میں رہے کہ آر ایس ایف کے سیاسی ونگ نے اس حملے کا ذمے دار سوڈانی فوج کو ٹھہرایا ہے، جہاں آر ایس ایف ریاست کے دارالحکومت پر قبضہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت