امریکا نے دوبارہ حملہ کیا تو اسے نئے سرپرائزز کا سامنا کرنا پڑے گا: ایران کی دھمکی

ایران نے امریکا کو متنبہ کیا ہے کہ اگر اس نے تہران کے خلاف بڑے پیمانے پر دوبارہ فوجی کارروائی شروع کی تو اسے غیر متوقع جوابی اقدامات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ایرانی وزیر خارجہ نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کا ملک گزشتہ ایک سال کے دوران ممکنہ فوجی تصادم سے نمٹنے کے لیے اپنی دفاعی تیاریوں اور صلاحیتوں میں مسلسل اضافہ کرتا رہا ہے۔
ایک غیر ملکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران کسی بھی ممکنہ امریکی حملے کا جواب دینے کے لیے تیار ہے اور اس کے پاس ایسے مزید اقدامات موجود ہیں جن کی امریکا توقع نہیں کر رہا۔ انہوں نے واضح کیا کہ تہران اب پہلے کی نسبت زیادہ تیار ہے اور کسی نئی فوجی مہم جوئی کی صورت میں خاموش نہیں رہے گا۔
ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ واشنگٹن اور تہران کے درمیان براہ راست رابطوں کے بجائے پاکستان اور قطر کے ذریعے پیغامات کی ترسیل کا سلسلہ اب بھی جاری ہے، تاہم سفارتی سرگرمیوں میں پہلے کے مقابلے میں سست روی ضرور آئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ امریکا کی جانب سے مختلف تجاویز سامنے آرہی ہیں جن کا ایرانی حکام جائزہ لے رہے ہیں۔ ان کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان اختلافات کے باوجود سفارتی رابطے مکمل طور پر منقطع نہیں ہوئے اور بات چیت کے امکانات اب بھی موجود ہیں۔
ایرانی وزیر خارجہ نے ایک بار پھر خبردار کیا کہ اگر امریکا نے ایران کے خلاف بڑے پیمانے پر فوجی حملوں کا سلسلہ دوبارہ شروع کیا تو تہران بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران ایران نے اپنی تیاریوں کو بہتر بنانے کے ساتھ ایسے امکانات پر بھی کام کیا ہے جن سے کسی بھی نئی کشیدگی کی صورت میں امریکا کو غیر متوقع صورتحال کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔
دوسری جانب واشنگٹن اور تہران کے درمیان کشیدگی بدستور برقرار ہے اور سفارتی کوششوں کے باوجود دونوں ممالک کے تعلقات میں تناؤ کم نہیں ہوسکا۔ امریکا کی جانب سے ایران کے خلاف بحری ناکہ بندی کے تناظر میں خطے کی صورتحال مزید پیچیدہ ہوگئی ہے، جبکہ بحری محاذ پر بھی دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی میں اضافے کے خدشات ظاہر کیے جارہے ہیں۔
موجودہ صورتحال میں پاکستان اور قطر دونوں ممالک کے درمیان پیغامات کی ترسیل اور سفارتی رابطوں کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، تاہم مذاکرات کی رفتار سست ہونے اور فوجی محاذ پر بڑھتے تناؤ نے خطے میں ایک نئی کشیدگی کے امکانات پیدا کردیے ہیں۔
بشکریہ روزنامہ جسارت