کراچی: عمارت کے ملبے تلے دب کر جاں بحق افراد کی تعداد 12 ہوگئی

کراچی کے علاقے بلوچ کالونی کی ایڈمن سوسائٹی میں منہدم ہونے والی 6 منزلہ عمارت کے ملبے سے چوتھے روز مزید ایک شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے، جس کے بعد حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 12 ہوگئی، جبکہ 5 افراد تاحال لاپتا ہیں۔ دوسری جانب شہر میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف انتظامیہ کی کارروائیوں میں تیزی آگئی ہے اور اب تک 516 عمارتوں کو سیل کیا جاچکا ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق ایڈمن سوسائٹی کے بلاک 4 میں گرنے والی عمارت کے ملبے سے آج مزید ایک لاش نکالی گئی، جس کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ حادثے میں اب تک 12 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، جبکہ 15 زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا تھا۔ امدادی کارروائیوں کے باوجود 5 افراد تاحال لاپتا ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔
حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں 22 سالہ محمد نوید، 35 سالہ فرحان، 17 سالہ محمد ارسلان، 35 سالہ نجیب، 25 سالہ عابد، 24 سالہ بلال، 30 سالہ نجیب، 22 سالہ اللہ دتہ، 30 سالہ محمد علی، 27 سالہ صغیر اور حسیب شامل ہیں۔
ریسکیو 1122 کے ترجمان کے مطابق امدادی ٹیموں نے گزشتہ روز 2 روز سے ملبے تلے دبے عادل نامی شخص کو زندہ نکالنے میں کامیابی حاصل کی تھی۔ عمارت کا ملبہ ہٹانے اور لاپتا افراد تک رسائی کے لیے 4 شاول اور 4 کھدائی کرنے والی مشینیں استعمال کی جارہی ہیں، جبکہ ملبہ دوسری جگہ منتقل کرنے کے لیے متعدد ٹرک بھی کام میں مصروف ہیں۔
ریسکیو 1122، چھیپا، ایدھی اور دیگر امدادی اداروں کے اہلکار مشترکہ طور پر سرچ آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔ امدادی کارروائیوں کا بنیادی مقصد ملبے میں پھنسے ممکنہ افراد کا سراغ لگانا اور انہیں جلد از جلد باہر نکالنا ہے۔
ادھر شہر میں غیر قانونی اور غیر مجاز تعمیرات کے خلاف جاری مہم کے دوران انتظامیہ نے اب تک 516 عمارتوں کو سربمہر کردیا ہے۔ کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے کارروائیوں کی تفصیلات پر مشتمل رپورٹ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو پیش کردی، جس میں مختلف اضلاع میں کی جانے والی کارروائیوں اور زیر تعمیر عمارتوں کی صورتحال سے آگاہ کیا گیا ہے۔
کمشنر کراچی کے دفتر کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایات پر شہر بھر میں تعمیراتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی عمارتوں کے خلاف کارروائی جاری ہے۔ 27 نومبر تک جمع کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے مجموعی طور پر 516 عمارتیں سیل کی ہیں، جبکہ غیر قانونی طور پر زیر تعمیر عمارتوں کی نشاندہی اور ان کے خلاف اقدامات کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شہر کے مختلف اضلاع میں زیر تعمیر 262 عمارتوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔ ان میں سے 158 کو سیل کردیا گیا، 12 عمارتوں کے مالکان کو قانونی نوٹس جاری کیے گئے، جبکہ ایک مقام پر معائنے کے دوران تعمیراتی سرگرمیاں پہلے ہی بند پائی گئیں۔
ضلعی سطح پر کی جانے والی کارروائیوں کی تفصیلات کے مطابق ضلع کورنگی میں 48 عمارتوں کے خلاف اقدامات کیے گئے، جن میں سے 41 کو سربمہر جبکہ 7 کو نوٹس جاری کیے گئے۔ ضلع کیماڑی میں 19 عمارتوں کا معائنہ کیا گیا، جن میں سے 12 سیل اور 5 کے مالکان کو نوٹس دیے گئے، جبکہ ایک مقام پر تعمیراتی کام رکا ہوا پایا گیا۔
اسی طرح ضلع غربی میں 12، ملیر میں 21، وسطی میں 64، جنوبی میں 61 اور شرقی میں 37 زیر تعمیر عمارتوں کا ریکارڈ مرتب کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق ملیر میں 8، وسطی میں 5 اور جنوبی میں 55 عمارتوں کو سیل کیا گیا، جبکہ ضلع شرقی کی تمام 37 عمارتوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے انہیں سربمہر کردیا گیا۔
کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ غیر قانونی اور بغیر اجازت تعمیرات کے خلاف کارروائیوں میں کسی قسم کی نرمی نہ برتی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تعمیراتی ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق اقدامات کیے جائیں اور غیر مجاز تعمیرات کو روکنے کے لیے نگرانی کا عمل مزید مؤثر بنایا جائے۔
شہر میں غیر محفوظ اور غیر قانونی طور پر زیر تعمیر عمارتوں کو مسمار کرنے کا سلسلہ بھی شروع کردیا گیا ہے۔ اس کارروائی میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کر رہی ہے، تاکہ ایسی تعمیرات کا خاتمہ کیا جاسکے جو شہریوں کی جان و مال کے لیے خطرہ بن سکتی ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کمشنر کراچی کی جانب سے پیش کی گئی رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ غیر قانونی تعمیرات کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں۔ ان کا کہنا ہے کہ تعمیراتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے اور شہریوں کے تحفظ کے لیے متعلقہ ضوابط پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔
یاد رہے کہ 25 نومبر کو کراچی کے علاقے بلوچ کالونی کے قریب ایڈمن سوسائٹی میں 600 گز کے رہائشی پلاٹ پر تعمیر کی گئی 6 منزلہ عمارت اچانک زمین بوس ہوگئی تھی، جس کے نتیجے میں متعدد افراد ملبے تلے دب گئے تھے۔
واقعے کی ابتدائی تفصیلات کے مطابق عمارت کا منظور شدہ نقشہ گراؤنڈ پلس ون یعنی صرف 2 منزلوں کی تعمیر کے لیے تھا، تاہم مبینہ طور پر اجازت سے تجاوز کرتے ہوئے مزید 5 منزلیں تعمیر کردی گئی تھیں۔ عمارت کی چھٹی منزل کا کام بھی ابھی مکمل نہیں ہوا تھا اور یہ گزشتہ ایک سال سے زیر تعمیر تھی۔
سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ریکارڈ میں انکشاف ہوا تھا کہ متعلقہ پلاٹ پر فلیٹس اور دیگر رہائشی یونٹس تعمیر کرنے کی اجازت موجود نہیں تھی۔ اس کے باوجود مبینہ طور پر غیر قانونی تعمیرات جاری رکھی گئیں۔ اس معاملے میں محمد عبداللہ شکیل، بلال شکیل اور ذیشان اسلم عرف شانی کے نام سامنے آئے ہیں، جبکہ عمارت کے نقشے سے متعلق معمار محمد فرحان بصیر کا نام بھی ریکارڈ میں شامل ہے۔ تاہم ان تمام افراد کے کردار اور ذمہ داریوں کا حتمی تعین تحقیقات مکمل ہونے کے بعد کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق یونین کمیٹی نمبر 3 محمود آباد کی جانب سے پلاٹ کے مالکان کو تعمیراتی خلاف ورزیوں پر 3 مرتبہ نوٹس جاری کیے گئے تھے، جبکہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے بھی اس حوالے سے نوٹس دیے تھے۔ تاہم مالکان اور تعمیر کنندگان نے عدالت سے حکم امتناع حاصل کرلیا تھا، جس کے بعد معاملہ قانونی کارروائی کے مراحل میں چلا گیا۔
دوسری جانب میئر کراچی نے عمارت منہدم ہونے کے واقعے کی شفاف تحقیقات کرانے اور غیر قانونی تعمیرات میں ملوث افراد سمیت تمام ذمہ دار عناصر کے خلاف کارروائی کی یقین دہانی کرائی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایڈمن سوسائٹی میں 2 درجن سے زائد ایسی عمارتیں موجود ہیں جہاں رہائشی مقاصد کے لیے مختص پلاٹوں پر تجارتی طرز کی تعمیرات کی جارہی ہیں، جس نے علاقے میں تعمیراتی قوانین پر عمل درآمد اور شہریوں کی سلامتی سے متعلق سنگین سوالات کھڑے کردیے ہیں۔
بشکریہ روزنامہ جسارت