نفرت اور تقسیم کی سیاست چھوڑ کر عوامی مسائل پر توجہ دی جائے: بلاول بھٹو

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سیاسی جماعتوں پر زور دیا ہے کہ وہ ایک دوسرے کی حکومتیں گرانے اور انتقامی سیاست سے گریز کریں، باہمی اختلافات کو پس پشت ڈال کر عوامی مسائل کے حل کے لیے مشترکہ کوششیں کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی محاذ آرائی جاری رہی تو اس کا نقصان براہ راست عوام کو اٹھانا پڑے گا، جبکہ باہمی تعاون کے ذریعے ہر مسئلے کا حل تلاش کیا جاسکتا ہے۔
رحیم یار خان میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ملک کو نفرت اور تقسیم کی سیاست کے بجائے مفاہمت اور اتفاق رائے کی ضرورت ہے۔ سیاسی قیادت کو اقتدار کی کشمکش میں وقت ضائع کرنے کے بجائے عوامی مشکلات دور کرنے پر توجہ دینی چاہیے اور حکومتی فیصلے باہمی مشاورت سے کیے جانے چاہییں۔
انہوں نے کہا کہ ماضی کی سیاسی غلطیوں سے سبق سیکھنے کے بعد جمہوری قوتوں نے یہ طے کیا تھا کہ ایک دوسرے کی حکومتیں ختم کرنے کی سازشوں کا حصہ نہیں بنیں گی۔ میثاق جمہوریت کے بعد سیاسی جماعتوں کے درمیان یہ سوچ پروان چڑھی کہ اختلافات کے باوجود جمہوری نظام کو نقصان پہنچانے سے گریز کیا جائے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ہمارے بڑوں نے ماضی میں غلطیاں کیں، تاہم وقت کے ساتھ ان سے سیکھا بھی۔ اگر سیاسی جماعتیں ایک دوسرے کے خلاف محاذ آرائی اور حکومتیں گرانے کی کوششوں کے بجائے قومی مسائل پر توجہ دیں تو کوئی ایسی مشکل نہیں جس کا حل ممکن نہ ہو۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے پنجاب میں سندھ انسٹی ٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن کے منصوبے کو جاری رکھنے پر وزیراعلیٰ مریم نواز کا شکریہ بھی ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں جب پیپلز پارٹی یا مسلم لیگ (ن) کی حکومت ختم ہوتی تھی تو سابقہ حکومت کے شروع کیے گئے منصوبے بھی روک دیے جاتے تھے، تاہم اس مرتبہ پنجاب میں ایس آئی یو ٹی کا منصوبہ جاری ہے اور اس کی وجہ یہ ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے اس کی راہ میں کوئی رکاوٹ پیدا نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے پنجاب کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ بننے کی روایت قائم کی ہے اور وہ بھی اس مثبت طرز عمل کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری کے مطابق اگر سیاسی جماعتیں ایک دوسرے کی حکومتیں گرانے کے بجائے عوامی فلاح کے منصوبوں کو جاری رکھنے میں تعاون کریں تو ملک اور عوام دونوں کو فائدہ پہنچ سکتا ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت