اتوار، 29 نومبر، 2026 · 20 جمادی الثانی، 1448 ہجری

کانگو میں ایبولا ویکسین مسلسل فراہم کرنے کی ہدایات جاری

قومی خبریں

جنیوا : کانگو میں مہلک وائرس کی تشویشناک صورتحال کے پیش نظر ڈبلیو ایچ او کی جانب سے ایبولا ویکسین کی مسلسل فراہمی کی ہدایات جاری کردی گئیں۔

عالمی میڈیا کے مطابق ڈبلیو ایچ اونے جمہوریہ کانگو میں بنڈی بگیو وائرس سے پھیلنے والی ایبولا وبا سے نمٹنے کے لیے اپنی ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا کہ ادارے کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ایڈہانوم گیبریسس نے ہنگامی کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں نئی ہدایات جاری کی ہیں اور اس وبا کو بدستور بین الاقوامی تشویش کی حامل صحت عامہ کی ہنگامی صورتحال قرار دیا ہے۔ واضح رہے کہ اپنی سفارشات میں ترمیم کرتے ہوئے ممکنہ ویکسین اور علاج کی طبی آزمائشیں تیز کرنے اور متاثرہ علاقوں میں حفاظتی اقدامات مزید سخت کرنے پر زور دیا ہے۔

نیوز ایجنسیز کے مطابق ہنگامی کمیٹی نے دباﺅ ڈالا ہے کہ ممکنہ ویکسین اور علاج کی طبی آزمائشوں میں تیزی لائی جائے، تاہم سائنسی، اخلاقی اور حفاظتی معیارات پر کوئی سمجھوتانہ کیا جائے۔ کمیٹی نے آزمائشوں کے طریقہ کار اور عمل درآمد سے متعلق شفاف معلومات کی فراہمی کے لیے مقامی آبادی کو اعتماد میں لینے کی اہمیت بھی اجاگر کی۔

یہ بات بھی علم میں رہے کہ سفارشات میں طبی مراکز میں وائرس کی منتقلی روکنے، غیر محفوظ انجکشن کے طریقوں سے ہونے والے انفیکشن کی روک تھام اور علامات ظاہر ہونے، تشخیص اور علاج کی سہولیات تک رسائی کے درمیان تاخیر کم کرنے پر بھی زور دیا گیا ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت