اسحاق ڈار کی بھٹو بلاول سے ملاقات، چیئرمین پی پی نے مولانا فضل الرحمان کی رہائشگاہ پر چھاپے کا معاملہ اٹھایا
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر چھاپے کے معاملے کا ذاتی طور پر نوٹس لینے کی درخواست کی ہے۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی سربراہی میں حکومتی وفد نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی۔
پیپلز پارٹی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ملاقات میں پارلیمان کے آئندہ اجلاس اور قانون سازی کے ممکنہ ایجنڈے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر چھاپے اور ان کے اہل خانہ سے مبینہ بدسلوکی کا معاملہ اٹھایا اور اسحاق ڈار سے اس کا ذاتی طور پر نوٹس لینے کی درخواست کی۔
ملاقات کے بعد بلاول بھٹو زرداری نے مولانا فضل الرحمان سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا۔ دوران گفتگو مولانا فضل الرحمان نے بتایا کہ اسلام آباد میں ان کی رہائش گاہ کو سربمہر کردیا گیا اور ان کے صاحبزادوں کو گرفتار کیا گیا، جبکہ خواتین کو گھر سے باہر نکال کر ہراساں بھی کیا گیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے مولانا فضل الرحمان سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی رہائش گاہ سربمہر کرنے اور اہل خانہ کو ہراساں کرنے کی مذمت کی۔
بشکریہ روزنامہ جسارت