خواجہ سعد رفیق کا ’کاروان بیداری‘ کے نام سے تحریک شروع کرنے کا اعلان

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے ’کاروانِ بیداری‘ کے نام سے تحریک شروع کرنے کا اعلان کردیا۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ نئے سال کے آغاز پر کاروانِ بیداری تحریک شروع کردی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ ایک تحریک ہوگی، نئی سیاسی جماعت نہیں بنائی جا رہی، اور اس حوالے سے مسلم لیگ (ن) کی قیادت کو بھی آگاہ کردیا گیا ہے۔
لیگی رہنما کے مطابق تحریک کو الیکشن کمیشن میں رجسٹر نہیں کرایا جائے گا، جبکہ اس میں شامل ہونے والوں پر کسی مخصوص سیاسی جماعت سے وابستگی کی پابندی نہیں ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ حق کو حق کہا جائے گا اور غلط کا ساتھ نہیں دیا جائے گا۔
خواجہ سعد رفیق نے مزید کہا کہ وہ کسی فرد یا سیاسی دھڑے کے بجائے صرف آئین اور قانون کی حکمرانی چاہتے ہیں۔
بشکریہ روزنامہ جسارت