اتوار، 29 نومبر، 2026 · 20 جمادی الثانی، 1448 ہجری

میانمار میں فوج کے شادی کی تقریب سمیت مختلف مقامات پر فضائی حملے، 30 سے زائد افراد ہلاک

قومی خبریں
میانمار میں فوج کے شادی کی تقریب سمیت مختلف مقامات پر فضائی حملے، 30 سے زائد افراد ہلاک

ینگون: میانمار میں فوج کے تین فضائی حملوں میں کم از کم 30 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے، جبکہ گزشتہ تین روز کے دوران فضائی بمباری میں مرنے والوں کی تعداد 60 سے تجاوز کرگئی ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق میانمار کی فوج نے شمال مشرقی علاقے موئے بائے میں شادی کی تقریب کے مقام کو فضائی حملے کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں تقریباً 20 افراد ہلاک ہوئے۔ اس کے علاوہ مغربی ریاست راکھین میں دو الگ الگ فضائی حملوں میں بھی متعدد افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

جلاوطن خود ساختہ نیشنل یونٹی گورنمنٹ (این یو جی) نے دعویٰ کیا ہے کہ وسطی میانمار میں جمعرات کو کیے گئے ایک فضائی حملے میں بھی 29 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

واضح رہے کہ 2021 میں آنگ سان سوچی کی منتخب حکومت کا تختہ الٹنے کے بعد سے میانمار میں فوج اور اس کی مخالف مسلح قوتوں کے درمیان خونریز جھڑپیں جاری ہیں، جن میں اب تک ہزاروں افراد ہلاک اور زخمی ہوچکے ہیں۔

تنازعات پر نظر رکھنے والے ادارے اے سی ایل ای ڈی کے مطابق میانمار کی خانہ جنگی میں تمام فریقوں کے درمیان اب تک ایک لاکھ سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

یہ فضائی حملے ایسے وقت میں کیے گئے ہیں جب ایک ہفتہ قبل ایک بین الاقوامی عدالت نے میانمار کی جانب سے روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی کے الزامات سے متعلق اہم قانونی فیصلہ سنایا تھا۔

بشکریہ روزنامہ جسارت