اتوار، 29 نومبر، 2026 · 20 جمادی الثانی، 1448 ہجری

اسرائیلی فوج کی غزہ پر تازہ بمباری، 2 فلسطینی شہید، متعدد زخمی

قومی خبریں
اسرائیلی فوج کی غزہ پر تازہ بمباری، 2 فلسطینی شہید، متعدد زخمی

غزہ میں اسرائیلی فوج کی تازہ بمباری اور فائرنگ کے نتیجے میں مزید 2 فلسطینی شہید جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے، شہید ہونے والوں میں 16 سالہ نوجوان بھی شامل ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق شمالی غزہ کے علاقے بیر النعجہ میں اسرائیلی ڈرون نے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں 16 سالہ فلسطینی نوجوان مجد شادي مسعود جان کی بازی ہار گیا۔

بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق اسی علاقے میں شہریوں کے ایک اجتماع کو بھی ڈرون کے ذریعے نشانہ بنایا گیا، جہاں بم گرائے جانے سے متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

ادھر وسطی غزہ کے علاقے دیر البلح میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 17 سالہ فلسطینی نوجوان شدید زخمی ہوگیا۔ دوسری جانب جنوبی غزہ میں خان یونس کے مغربی حصے میں واقع جامعہ الاقصیٰ کے احاطے پر اسرائیلی ڈرون حملے کے نتیجے میں ایک اور فلسطینی شہید ہوگیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے غزہ کے مختلف علاقوں میں اپنی کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے فوجی گاڑیوں سے فائرنگ بھی کی، جبکہ متعدد مقامات پر توپ خانے سے گولہ باری کرکے شہری آبادیوں کو نشانہ بنایا گیا۔

بشکریہ روزنامہ جسارت