ہفتہ، 28 نومبر، 2026 · 19 جمادی الثانی، 1448 ہجری

فضل الرحمان کو کچھ باتیں نہیں کرنی چاہیے تھیں،مصدق

قومی خبریں
فضل الرحمان کو کچھ باتیں نہیں کرنی چاہیے تھیں،مصدق

ایبٹ آباد:وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے کچھ ایسی باتیں کیں جو انہیں نہیں کرنی چاہیے تھیں۔ سیاسی گفتگو میں ریاست اور اداروں کا نام نہیں آنا چاہیے ۔

ایبٹ آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں گورنر راج نافذ کرنے کا فیصلہ مشکل تھا، تاہم امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر یہ اقدام اٹھانا ناگزیر ہو گیا تھا۔

مصدق ملک نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت دہشت گردی کے خلاف موثر اقدامات کرنے میں ناکام رہی ہے، جبکہ دہشت گردی کے واقعات کے باعث سب سے زیادہ شہادتیں بھی اسی صوبے میں ہوئی ہیں ۔

سیاسی بیانات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان نے کچھ ایسی باتیں کی ہیں جو انہیں نہیں کرنی چاہیے تھیں۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سیاسی گفتگو میں ریاست اور قومی اداروں کا نام نہیں آنا چاہیے ۔

ملک میں نئے انتظامی یونٹس کے قیام پر اظہار خیال کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ نئے صوبوں کی تشکیل پر بات چیت ہونی چاہیے اور اس معاملے پر اسمبلی کے اندر بھی بحث کی جانی چاہیے۔

خیبر پختونخوا میں آٹے کی قلت سے متعلق سوال پر وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی نے کہا کہ اس بحران پر وفاقی حکومت بات کرے گی اور گندم کی درآمد کے ذریعے جلد ہی آٹے کے بحران پر قابو پا لیا جائے گا۔

بشکریہ روزنامہ جسارت