ہفتہ، 28 نومبر، 2026 · 19 جمادی الثانی، 1448 ہجری

چین کے تعاون سے پاکستان کی خلائی صلاحیتوں میں بہتری آ رہی ہے: بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف

قومی خبریں
چین کے تعاون سے پاکستان کی خلائی صلاحیتوں میں بہتری آ رہی ہے: بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف

بھارتی فوج کے سربراہ نے پاکستان کی بڑھتی ہوئی خلائی صلاحیتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین کے تعاون سے پاکستان اپنے خلائی پروگرام کو وسعت دے رہا ہے، جبکہ قومی خلائی ادارہ سپارکو بھی مقامی سطح پر جدید صلاحیتیں حاصل کرنے کے لیے سرگرم ہے۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ ترکیہ بھی پاکستان کو اس شعبے میں معاونت فراہم کرسکتا ہے، جسے بھارت کو اپنی دفاعی حکمت عملی میں مدنظر رکھنا ہوگا۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل این ایس راجا سبرامنیم نے نئی دہلی میں مستقبل کی جنگوں اور بھارت کی کثیرالجہتی دفاعی تیاریوں کے موضوع پر منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی خلائی ٹیکنالوجی میں چین کے تعاون سے بہتری آرہی ہے اور سپارکو اپنی تکنیکی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانے کے لیے کام کر رہا ہے۔

جنرل راجا سبرامنیم کا کہنا تھا کہ پاکستان کو چین کی ان صلاحیتوں سے بھی فائدہ پہنچ سکتا ہے جو اسے انٹیلی جنس، نگرانی اور جاسوسی کے علاوہ مقام کے تعین، سمت شناسی اور وقت کی درست پیمائش کے شعبوں میں حاصل ہیں۔ ان کے مطابق یہ ٹیکنالوجی مستقبل کی جنگوں میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے اور پاکستان کے لیے بھی اس کے استعمال کے امکانات موجود ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کو پاکستان کے ساتھ چین کے بڑھتے ہوئے خلائی تعاون کے ساتھ ترکیہ کی ممکنہ معاونت کو بھی نظرانداز نہیں کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان تمام امکانات کو سامنے رکھتے ہوئے بھارتی دفاعی منصوبہ بندی کو مزید مؤثر بنانے اور اپنی تکنیکی و دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ کرنے کی ضرورت ہے۔

بھارتی فوجی قیادت کے سربراہ نے اپنے خطاب میں بھارت کے خلائی نگرانی کے منصوبے کے تیسرے مرحلے ایس بی ایس تھری کو بھی اہم قرار دیا۔ ان کے مطابق اس منصوبے کی تکمیل سے بھارت کی خلائی نگرانی اور دفاعی صلاحیتوں میں نمایاں بہتری آئے گی، جس سے ملک کو دفاعی معاملات میں مزید سہولت حاصل ہوگی۔

جنرل راجا سبرامنیم نے بتایا کہ بھارت اپنے خلائی پروگرام کو وسعت دینے کے لیے مزید مصنوعی سیارے تیار کرنے اور انہیں خلا میں بھیجنے کے نئے طریقوں پر بھی کام کر رہا ہے۔ اس مقصد کے حصول کے لیے نجی شعبے کے کاروباری اداروں اور متعلقہ ماہرین کی خدمات سے بھی استفادہ کیا جا رہا ہے، تاکہ خلائی ٹیکنالوجی کے میدان میں ملکی استعداد کو مزید بڑھایا جاسکے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت