ہفتہ، 28 نومبر، 2026 · 19 جمادی الثانی، 1448 ہجری

دانتوں کا مہنگا علاج اور غیر ضروری جراحی: مریضوں کے تحفظ کیلیے لائحہ عمل ناگزیر

قومی خبریں

کراچی: شہرِ قائد میں ڈینٹل ہیلتھ کیئر کے بڑھتے ہوئے مسائل اور علاج کے بھاری اخراجات نے شہریوں کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ دانتوں کی صحت کا براہِ راست تعلق انسانی جسمانی تندرستی سے ہے، تاہم شہر میں قائم کلینکس میں علاج کے معیارات، شفافیت اور طبی اخلاقیات پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔

دندان سازی کے ماہرین کے مطابق علاج کا بنیادی اصول قدرتی دانتوں کو حتی الامکان محفوظ رکھنا ہونا چاہیے۔ بدقسمتی سے، کئی مقامات پر مریضوں کو بلاوجہ دانت نکلوانے یا مہنگی مصنوعی بتیسی لگوانے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔ اس غیر ضروری عمل سے نہ صرف مریض کی مالی مشکلات میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ صحت پر بھی مضر اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

علاج کے اخراجات میں بھی شدید عدم توازن پایا جاتا ہے جس کی وجہ سے ایک عام شہری بھاری رقوم ادا کرنے پر مجبور ہے۔

ایک محتاط اندازے کے مطابق دانت نکالنے سے لے کر مصنوعی بتیسی کی تیاری تک کے مراحل میں مریض کو 4 لاکھ 21 ہزار 500 روپے تک کے اخراجات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ان بھاری بھرکم اخراجات کے باوجود علاج کے معیار کی کوئی ضمانت نہیں دی جاتی۔

حکومتِ سندھ اور سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کو چاہیے کہ وہ 2013ء کے ایکٹ کے تحت ڈینٹل کلینکس کی سخت نگرانی کرے اور اس کے لیے صرف رجسٹریشن ہی کافی نہیں، بلکہ کلینکس میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، استعمال ہونے والے آلات کی صفائی، اور ہنگامی طبی امداد کے نظام کو بھی چیک کیا جانا انتہائی ضروری ہے۔

علاوہ ازیں کسی بھی بڑے طبی عمل سے پہلے مریض کی مکمل طبی تاریخ جاننا لازم ہے۔ ہائی بلڈ پریشر، شوگر یا دیگر امراض میں مبتلا مریضوں کا علاج کرتے ہوئے انتہائی احتیاط برتنی چاہیے۔ ہر ڈینٹل کلینک پر علاج کے نرخوں کی فہرست آویزاں ہونا اور مریض کو علاج کے ہر مرحلے سے متعلق تحریری آگاہی دینا طبی اخلاقیات کا حصہ ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ مستقبل میں کراچی کے ڈینٹل ہیلتھ کیئر نظام کو بہتر بنانے کے لیے شفافیت، پیشہ ورانہ مہارت اور احتساب ناگزیر ہیں۔ شہریوں کو بھی چاہیے کہ وہ کسی بھی بڑے طبی عمل سے قبل دوسرے ماہر ڈاکٹر سے مشورہ ضرور کریں اور اپنے علاج کا مکمل ریکارڈ اپنے پاس محفوظ رکھیں۔

بشکریہ روزنامہ جسارت