پاکستان کی سعودی عرب میں حوثی ملیشیا کے حملوں کی سخت مذمت

پاکستان، سعودی عرب اور ترکیے نے دفاعی تعلقات کو مزید وسعت دینے، مشترکہ عسکری تعاون کو فروغ دینے اور سعودی عرب کی خودمختاری و سلامتی کے تحفظ کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں پاکستان کی میزبانی میں مکہ معاہدے کے تحت قائم تزویراتی سیاسی و دفاعی کمیٹی کا دوسرا اجلاس منعقد ہوا، جس میں تینوں ممالک کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران خطے کی مجموعی صورت حال، سلامتی کو درپیش چیلنجز اور باہمی دفاعی اشتراک کو مزید مؤثر بنانے کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق اجلاس میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیے نے دفاعی شعبے میں تعاون کے دائرے کو وسیع کرنے پر اتفاق کرتے ہوئے دفاعی صنعت کی ترقی، جدید ٹیکنالوجی کے مشترکہ فروغ، فوجی تربیت اور عسکری استعداد کار میں اضافے کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
تینوں ممالک نے سعودی عرب میں حوثی ملیشیا کی جانب سے کیے جانے والے حملوں کی بھی شدید مذمت کی اور مملکت کی سلامتی کے تحفظ کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔
اجلاس کے شرکا نے مکہ دفاعی اتحاد کے پہلے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر عمل درآمد کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔ اس موقع پر سعودی عرب میں اتحاد کے مستقل سیکریٹریٹ کے قیام اور اسے فعال بنانے کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیے نے سعودی عرب میں حوثی ملیشیا کے حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تینوں ممالک مملکت کی سلامتی کے تحفظ اور دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پُرعزم ہیں۔
اجلاس میں علاقائی کشیدگی میں کمی لانے اور تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارتی ذرائع اختیار کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔ تینوں ممالک نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ خطے میں پائیدار امن و استحکام کے قیام کے لیے بات چیت اور سفارت کاری کی حمایت جاری رکھی جائے گی۔
بشکریہ روزنامہ جسارت