وفاقی و صوبائی حکومتیں مہنگائی قابو کرنے میں ناکام، عوام کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا: لیاقت بلوچ

جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی پر وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کو مہنگائی سے ریلیف دینے میں حکومتی ناکامی نے ان کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔
اپنے بیان میں لیاقت بلوچ نے کہا کہ گندم اور آٹے کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے نے عوام کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے اور اشیائے ضروریہ کے بڑھتے نرخوں کے باعث صورت حال تشویش ناک ہوتی جا رہی ہے۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ چینی کی درآمد اور برآمد کے معاملات میں مافیا کی پشت پناہی کا سلسلہ بند کیا جائے اور اس شعبے میں من مانی روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
نائب امیر جماعت اسلامی نے زور دیا کہ بجلی پیدا کرنے والی نجی کمپنیوں کے ساتھ کیے گئے معاہدوں پر نظرثانی کا عمل نئے بجٹ کی منظوری سے پہلے مکمل کیا جائے تاکہ عوام کو بجلی کے بھاری بلوں سے نجات دلانے کی راہ ہموار ہو سکے۔
لیاقت بلوچ نے مائع پٹرولیم گیس (ایل پی جی) کی قیمتوں کو قابو میں رکھنے میں حکومتی ناکامی پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اس حوالے سے مؤثر حکمت عملی اختیار کی جائے اور قیمتوں میں بے قابو اضافے کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔
بشکریہ روزنامہ جسارت