پاکستان اور بنگلا دیشی کھلاڑیوں نے ایک ساتھ نمازِ جمعہ ادا کر کے دل جیت لیے

دوحا: پاکستان شاہینز اور بنگلا دیش اے کی ٹیموں کے کھلاڑیوں نے کرکٹ کے میدان میں حریف ہونے کے باوجود مذہبی ہم آہنگی اور باہمی اتحاد کا شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے گزشتہ روز ایک ساتھ نمازِ جمعہ ادا کر کے سب کے دل جیت لیے ہیں۔
اے سی سی مینز رائزنگ اسٹارز ایشیا کپ 2026 کے دوسرے سیمی فائنل سے قبل قطر کے شہر دوحا کے ویسٹ اینڈ پارک انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں یہ روح پرور منظر دیکھنے میں آیا۔ دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں اور اسٹاف نے 27 نومبر کو ایک ہی صف میں کھڑے ہو کر عبادت کی۔
نمازِ جمعہ کی ادائیگی کے دوران لی گئی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر انتہائی تیزی سے وائرل ہو گئی ہیں۔ کرکٹ شائقین نے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے اس اقدام کو کھیل سے بالاتر انسانی اقدار اور اسلامی بھائی چارے کی ایک انتہائی خوبصورت اور بہترین مثال قرار دیا ہے۔
BEAUTIFUL MOMENT DURING ASIA CUP. 😍
Pakistan & Bangladesh teams offered Juma Prayers together before from the start of the Asia Cup semi-final. ♥️ https://t.co/7kAdGQR5TE
اس واقعے نے ثابت کیا کہ کھیلوں کے میدان صرف مقابلے کے لیے نہیں بلکہ آپس میں محبت، احترام اور اخوت کے جذبات کو فروغ دینے کے لیے بھی ہوتے ہیں۔ دنیا بھر میں موجود کرکٹ کے مداحوں نے اس عمل کو سراہتے ہوئے اسے کھیل کی اصل روح کے عین مطابق قرار دیا ہے۔
واضح رہے کہ سیمی فائنل میچ میں پاکستان شاہینز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور بنگلہ دیش اے کی ٹیم کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کے فائنل میں اپنی جگہ پکی کر لی ہے۔
پاکستان اب ٹائٹل کے حصول کے لیے 29 نومبر کو سری لنکا اے کے خلاف میدان میں اترے گا۔
ٹورنامنٹ میں فائنل تک کا یہ سفر پاکستان شاہینز کے لیے کافی اہم رہا ہے جہاں کھلاڑیوں نے نہ صرف اپنی تکنیکی مہارت دکھائی بلکہ اخلاقی اقدار کو بھی برقرار رکھا۔
اب شائقینِ کرکٹ کی نظریں 29 نومبر کو ہونے والے فائنل مقابلے پر جمی ہوئی ہیں جس کا شدت سے انتظار ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت