کیا زیتون کے تیل اور لیموں کا مرکب بیماریوں کا یقینی علاج ہے؟

زیتون کے تیل اور لیموں کو ملا کر استعمال کرنے کے صحت پر اثرات کے حوالے سے طبی ماہرین نے اہم وضاحتیں پیش کی ہیں۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے ان روایتی گھریلو نسخوں کو بلا تحقیق اپنانے کے بجائے ان کی افادیت کو سمجھنا انتہائی ضروری عمل ہے۔ زیتون کے تیل میں صحت بخش چکنائیاں اور اینٹی آکسیڈنٹس موجود ہوتے ہیں، جبکہ لیموں وٹامن سی کا بہترین ذریعہ مانا جاتا ہے۔
طبی ماہرین کے مطابق اگر انہیں مناسب مقدار میں استعمال کیا جائے تو یہ جسمانی صحت کے لیے مختلف طریقوں سے معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔
نظام ہاضمہ اور قبض کے حوالے سے ماہرین نے کہا کہ زیتون کا تیل آنتوں کی حرکت کو بہتر بنانے میں مدد دیتا ہے، تاہم محض اس آمیزے کو قبض کا مکمل علاج سمجھنا غلط ہے۔ قبض سے نجات کے لیے فائبر والی غذاؤں اور پانی کا استعمال زیادہ اہمیت رکھتا ہے۔
دل کی صحت کے لیے زیتون کے تیل کا استعمال مکھن یا دیگر نقصان دہ چکنائیوں کا بہترین متبادل ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ کولیسٹرول کی سطح کو متوازن رکھنے میں مدد دے سکتا ہے، لیکن اسے خون کی گردش بہتر بنانے کا واحد ذریعہ سمجھنا سائنسی طور پر درست نہیں ہے۔
جگر کی صفائی اور جسم سے زہریلے مادے نکالنے کے حوالے سے ماہرین نے وضاحت کی کہ انسانی جسم کے گردے اور جگر قدرتی طور پر یہ کام سر انجام دیتے ہیں۔ اس لیے کسی مخصوص مرکب سے جگر کی صفائی کا دعویٰ کرنا سائنسی بنیادوں پر ثابت شدہ بات نہیں ہے۔
ہڈیوں اور جوڑوں کے درد میں کمی کے لیے زیتون کے تیل کے استعمال کو مفید سمجھا جاتا ہے کیونکہ اس میں سوزش کم کرنے کی خاصیت موجود ہوتی ہے۔ اسی طرح جلد اور ناخنوں کی نمی برقرار رکھنے کے لیے بھی اسے ایک اچھا قدرتی ذریعہ تسلیم کیا جاتا ہے۔
ماہرین نے مزید کہا کہ لیموں کا رس حساس جلد پر جلن پیدا کر سکتا ہے اور معدے میں تیزابیت کا باعث بھی بن سکتا ہے۔ لہذا کسی بھی گھریلو نسخے کو اپنانے سے پہلے اپنی جسمانی کیفیت اور الرجی کو مدنظر رکھنا بہت ضروری ہے تاکہ کسی نقصان سے بچا جا سکے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت