ہفتہ، 28 نومبر، 2026 · 19 جمادی الثانی، 1448 ہجری

بچوں سے ملنے کی خواہش میں جاں بحق ہونے والے کشمیری کی میت اہل خانہ کے حوالے

قومی خبریں
بچوں سے ملنے کی خواہش میں جاں بحق ہونے والے کشمیری کی میت اہل خانہ کے حوالے

مظفرآباد : مقبوضہ کشمیر سے آزاد کشمیر میں مقیم اپنی اہلیہ اور بچوں سے ملنے کی خواہش لے کر آنے والے عرفان حسن شاہ دریائے نیلم کی بے رحم موجوں کی نذر ہوگئے۔ ان کی میت مظفرآباد میں موجود اہل خانہ کے حوالے کردی گئی، جہاں ان کی نماز جنازہ بھی ادا کردی گئی۔

بی بی سی اردو کی رپورٹ کے مطابق آزاد کشمیر کے حکام نے تصدیق کی ہے کہ دریائے نیلم سے ملنے والی عرفان حسن شاہ کی میت تمام قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد مظفرآباد میں ان کی اہلیہ اور بچوں کے حوالے کردی گئی۔ عرفان حسن شاہ کا تعلق مقبوضہ کشمیر کے ضلع بارہ مولہ سے تھا اور وہ دریائے نیلم عبور کرکے آزاد کشمیر میں موجود اپنے خاندان تک پہنچنے کی کوشش کررہے تھے۔

عرفان حسن شاہ کے بچوں نے بتایا کہ ان کے والد مقبوضہ کشمیر کے علاقے بارہ مولہ سے وقتاً فوقتاً ان سے رابطہ کرتے رہتے تھے۔ ان کا آخری رابطہ تقریباً 15 روز قبل ہوا تھا، جب انہوں نے بتایا تھا کہ وہ تمام تر رکاوٹوں کے باوجود کسی نہ کسی طرح آزاد کشمیر پہنچنے کی کوشش کریں گے، اس گفتگو کے بعد ان کا والد سے دوبارہ کوئی رابطہ نہیں ہوسکا، تاہم بعد ازاں انہیں دریائے نیلم سے ایک لاش ملنے کی اطلاع موصول ہوئی۔

رپورٹ کے مطابق بھارتی حکومت نے اپریل 2025 میں پہلگام واقعے کے بعد مقبوضہ کشمیر میں رہائش پذیر عرفان حسن شاہ کی اہلیہ اور بچوں کو پاکستانی ہونے کی بنیاد پر ڈی پورٹ کردیا تھا۔ اس کے بعد ان کی اہلیہ اور بچے مظفرآباد منتقل ہوگئے تھے جبکہ عرفان حسن شاہ مقبوضہ کشمیر کے شہری ہونے کے باعث ضلع بارہ مولہ میں ہی رہ گئے تھے۔ یوں خاندان سرحد کے دونوں جانب بٹ گیا اور عرفان حسن شاہ اپنے اہل خانہ سے دور رہنے پر مجبور ہوگئے۔

ضلع نیلم کی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے سربراہ اختر ایوب کے مطابق عرفان حسن شاہ کی میت 23 نومبر کو صبح 11 بجے کیرن کے قریب دریائے نیلم سے ملی تھی۔ میت کی جیب سے بھارتی حکومت کا شناختی کارڈ برآمد ہوا، جس پر ان کا نام اور دیگر شناختی تفصیلات درج تھیں۔ اس کے بعد میت ضلعی انتظامیہ کے حوالے کردی گئی۔

اختر ایوب کے مطابق عرفان حسن شاہ کا تعلق مقبوضہ کشمیر کے ضلع بارہ مولہ کے علاقے رفیع آباد ڈنگی وچھا سے تھا۔ مظفرآباد میں موجود ان کے اہل خانہ کو واقعے کی اطلاع سوشل میڈیا پر جاری کی گئی میت کی تصویر اور شناختی کارڈ کے ذریعے ملی، جس کے بعد انہوں نے متعلقہ حکام سے رابطہ کرکے ان کی شناخت کی تصدیق کی۔

اسسٹنٹ کمشنر اٹھ مقام چوہدری بشارت نے بتایا کہ عرفان حسن شاہ کے مقبوضہ کشمیر کے شہری ہونے کے باعث یہ معاملہ حساس نوعیت کا تھا اور میت کی حوالگی کے حوالے سے قانونی تقاضے پورے کرنا ضروری تھے۔ مقبوضہ کشمیر میں موجود ان کے بھائی اور بہنوں سے اجازت حاصل کرنے کے بعد میت مظفرآباد میں ان کی اہلیہ اور بچوں کے حوالے کی گئی۔ اس سلسلے میں تمام ضروری کارروائی مکمل کی گئی۔

عرفان حسن شاہ کی المناک موت نے ایک ایسے خاندان کی جدائی کی داستان سامنے لائی ہے جو سیاسی اور انتظامی حالات کے باعث ایک دوسرے سے جدا ہوگیا تھا۔ وہ اپنے بچوں اور اہلیہ سے دوبارہ ملنے کی امید لے کر روانہ ہوئے تھے، لیکن یہ خواہش پوری نہ ہوسکی اور ان کی میت ہی اہل خانہ تک پہنچ سکی۔

بشکریہ روزنامہ جسارت