ٹرمپ اور پیوٹن کی دوستی عجیب ہے، زیلنسکی کی امریکی صدر پر تنقید

یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرمپ اور روسی صدر پیوٹن کی دوستی عجیب ہے، پیوٹن کو دوست کہنا درست نہیں، وہ جارح اور قاتل ہیں۔
عالمی میڈیا رپورٹ کے مطابق ولادیمیر زیلنسکی کا کہنا تھا کہ ٹرمپ کی روسی صدر پیوٹن سے بغل گیر ہونے کی تصویر بھی عجیب تھی۔ امریکا روس پر امن مذاکرات میں دباؤ بڑھانے میں ناکام ہے جبکہ امریکی نمائندے مذاکرات میں ماسکو کے مؤقف کے زیادہ قریب دکھائی دیتے ہیں۔
یوکرینی صدر کے مطابق ابوظبی میں ہونے والے تازہ امن مذاکرات میں کوئی نمایاں پیش رفت نہیں ہو سکی، تاہم روس اور یوکرین کے درمیان مذاکرات دسمبر میں دوبارہ شروع ہونے کی توقع ہے۔ امن معاہدے کے لیے یورپی مذاکرات کاروں کی شرکت بھی غیر یقینی ہے۔
زیلنسکی نے کہا کہ روس کو مذاکرات میں پیش رفت پر آمادہ کرنے کے لیے مؤثر اتحادیوں کی ضرورت ہے۔ جارح کے ساتھ غیر جانبداری کا رویہ متاثرین اور جارح دونوں کی حمایت کے مترادف ہے۔
انہوں نے کہا کہ یوکرین کو روسی بیلسٹک میزائل روکنے والے انٹرسیپٹرز کی شدید کمی کا سامنا ہے، امریکا پیٹریاٹ دفاعی نظام کے میزائلوں کی فراہمی میں تاخیر کر رہا ہے۔
یوکرینی صدر نے مشرقِ وسطیٰ کو ترجیح دینے پر امریکا سے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پیٹریاٹ میزائلوں کی کمی انسانی جانوں کے نقصان کا باعث بن رہی ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت