جمعہ، 27 نومبر، 2026 · 18 جمادی الثانی، 1448 ہجری

مکہ دفاعی معاہدے پر پیش رفت، پاکستان، سعودی عرب اور ترکیے کی اسلام آباد میں اہم بیٹھک

قومی خبریں
مکہ دفاعی معاہدے پر پیش رفت، پاکستان، سعودی عرب اور ترکیے کی اسلام آباد میں اہم بیٹھک

اسلام آباد : پاکستان، سعودی عرب اور ترکیے کے درمیان مشترکہ دفاعی تعاون سے متعلق اسٹریٹجک، سیاسی اور دفاعی کمیٹی کا اہم اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں تینوں ممالک کے اعلیٰ حکام اور نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں دفاعی روابط کو مزید مضبوط بنانے، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور مشترکہ دفاعی معاہدے پر عمل درآمد کے امور کا جائزہ لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق کمیٹی میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیے کے 2، 2 نمائندے شامل ہیں، جبکہ اس سے قبل کمیٹی کے 2 اجلاس سعودی عرب اور ترکیے میں منعقد ہوچکے ہیں۔ اسلام آباد میں ہونے والا اجلاس اس سلسلے کی اہم کڑی قرار دیا جا رہا ہے، جس کا مقصد تینوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو مربوط اور مؤثر بنانا ہے۔

اجلاس میں یمن کے حوثی جنگجوؤں کی جانب سے سعودی عرب کو درپیش خطرات اور خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے اجلاس سے قبل بتایا تھا کہ سعودی عرب کے جنوب میں جاری صورتحال اور حوثی حملوں کا معاملہ بھی زیر بحث آئے گا، مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت سعودی عرب کو لاحق کسی بھی خطرے کو پاکستان اور ترکیے کے لیے بھی خطرہ تصور کیا جائے گا۔

اجلاس میں دفاعی معلومات کے تبادلے، مشترکہ فوجی تعاون، دفاعی صنعت میں اشتراک اور ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے باہمی رابطہ کاری کے نظام پر بھی غور کیا گیا۔ تینوں ممالک کے نمائندوں نے دفاعی معاہدے کو عملی شکل دینے اور اس کے تحت مشترکہ اقدامات کے طریقہ کار پر مشاورت کی۔

واضح رہے کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیے نے 7 اگست 2026 کو مکہ مکرمہ میں مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے تھے۔ معاہدے کی بنیادی شق کے مطابق کسی ایک ملک پر مسلح حملے کو تینوں ممالک پر حملہ تصور کیا جائے گا اور دیگر فریق دستیاب وسائل کے ذریعے متاثرہ ملک کی مدد کریں گے۔

دریں اثنا ترکیے کے صدر رجب طیب اردوان نے 27 نومبر کو معاہدے کی توثیق کردی ہے۔ معاہدے کے تحت مستقل سیکریٹریٹ سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں قائم کیا گیا ہے جبکہ پاکستان کے ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود کو اس کا پہلا سیکریٹری جنرل مقرر کیا گیا ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت