ایرانی بحریہ کا امریکی قبضے سے دو آئل ٹینکرز واپس لینے کا دعویٰ

تہران: ایرانی بحریہ کے کمانڈر ریئر ایڈمرل شہرام ایرانی نے دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی مسلح افواج نے امریکی فوج کے قبضے میں لیے گئے دو ایرانی آئل ٹینکرز دوبارہ اپنے کنٹرول میں لے لیے ہیں۔
ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی فوج نے دو ایرانی آئل ٹینکرز پر قبضہ کر لیا تھا، تاہم ایرانی بحریہ کے خصوصی دستوں نے ایک کارروائی کے دوران دونوں جہازوں پر دوبارہ کنٹرول حاصل کر لیا۔ ایرانی اہلکاروں نے اس وقت دونوں جہازوں پر کارروائی کی جب وہاں موجود عملہ اور امریکی اہلکار سو رہے تھے۔ ایرانی فورسز نے جہازوں پر سوار ہو کر انہیں دوبارہ اپنے قبضے میں لے لیا۔
ایرانی بحریہ کے کمانڈر نے امریکا پر الزام عائد کیا کہ امریکی فوج آبنائے ہرمز سے بحری جہازوں کی محفوظ گزرگاہ یقینی بنانے کے نام پر جہاز مالکان سے بھاری رقوم وصول کر رہی ہے۔
میڈیا کے مطابق جب ان جہازوں کو حملوں یا دیگر خطرات کا سامنا کرنا پڑتا ہے تو امریکی فوج ذمہ داری قبول نہیں کرتی اور نہ ہی جہاز مالکان کو وصول کی گئی رقم واپس کی جاتی ہے۔ آبنائے ہرمز میں امریکی سرگرمیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایران اس اہم سمندری گزرگاہ کی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔
ایرانی بحریہ کے کمانڈر نے دونوں آئل ٹینکرز پر امریکی قبضے کی تاریخ یا انہیں واپس حاصل کرنے کے وقت کے بارے میں کوئی تفصیلات فراہم نہیں کیں۔یہ بھی واضح نہیں کیا گیا کہ دونوں جہاز اس وقت کس مقام پر موجود ہیں اور انہیں واپس حاصل کرنے کی کارروائی کس نوعیت کی تھی۔
دوسری جانب ایرانی دعوے پر امریکی حکام کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔اس لیے دونوں آئل ٹینکرز کی واپسی سے متعلق ایرانی دعوے کی آزادانہ تصدیق نہیں ہوسکی۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان آبنائے ہرمز اور خلیج فارس میں بحری آمدورفت کے معاملے پر کشیدگی برقرار ہے اور خطے میں تجارتی جہازوں کی سلامتی ایک اہم مسئلہ بنی ہوئی ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت