جمعہ، 27 نومبر، 2026 · 18 جمادی الثانی، 1448 ہجری

سانحہ کراچی ایڈمن: سندھ حکومت نے پہلے سے غیر فعال افسران کو بھی معطل کردیا

قومی خبریں
سانحہ کراچی ایڈمن: سندھ حکومت نے پہلے سے غیر فعال افسران کو بھی معطل کردیا

کراچی: سانحہ کراچی ایڈمن کے بعد سندھ حکومت کی جانب سے محکمہ بلڈنگ کنٹرول کے افسران کے خلاف کارروائی پر نئے سوالات اٹھنے لگے ہیں، حکومت نے ایسے افسران کو بھی معطل اور عہدوں سے ہٹا دیا ہے جو پہلے ہی معطل تھے یا کئی ماہ سے کسی عہدے پر تعینات ہی نہیں تھے۔ اس صورتحال کو انتظامی کارروائی کے بجائے محض کارروائی دکھانے اور اصل ذمہ داروں سے توجہ ہٹانے کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق معطل کیے جانے والے شہزاد آرائیں کئی سال سے کسی عہدے پر تعینات نہیں ہیں، اس کے باوجود انہیں سانحہ کراچی ایڈمن کے معاملے پر دوبارہ معطل کردیا گیا۔ اسی طرح ڈپٹی ڈائریکٹر ڈیمالیشن راشد ناریجو کی متعلقہ علاقے میں تعیناتی نہ ہونے کے باوجود انہیں عہدے سے ہٹانے کی کارروائی کی گئی۔ راشد ناریجو کو چند ماہ قبل ڈیمالیشن کے شعبے میں تعینات کیا گیا تھا۔

اسسٹنٹ ڈائریکٹر آصف شیخ بھی تقریباً 7 ماہ سے اپنے عہدے پر موجود نہیں تھے، لیکن انہیں بھی معطل کردیا گیا۔ ڈائریکٹر اشفاق کھوکھر سانحہ لیاری کے بعد سے کسی پوسٹنگ پر تعینات نہیں تھے، سانحہ کراچی ایڈمن کے بعد انہیں بھی معطلی کا سامنا کرنا پڑا۔

اسی طرح سینئر بلڈنگ انسپکٹر امتیاز شیخ کی پوسٹنگ لاڑکانہ میں ہے اور دورانِ تعیناتی ان کے ہیڈکوارٹر آنے پر بھی پابندی عائد ہے، اس کے باوجود انہیں کراچی ایڈمن کے سانحے کے معاملے میں معطل کردیا گیا۔ آفتاب زرداری کی تعیناتی ضلع جنوبی کے صدر ٹاؤن میں ہے جبکہ شہریار مقصود کی بھی کراچی ایڈمن میں کوئی پوسٹنگ نہیں۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ریحان احمد بھی کئی ماہ سے کسی عہدے پر موجود نہیں ہیں۔

ان انتظامی فیصلوں کے بعد محکمہ بلڈنگ کنٹرول کی کارروائیوں اور ذمہ دار افسران کے تعین کے حوالے سے کئی سوالات جنم لے رہے ہیں۔ یہ الزام بھی عائد کیا جا رہا ہے کہ غیر متعلقہ اور پہلے سے غیر فعال افسران کو معطل کرکے معاملے میں ذمہ دار قرار دیے جانے والے ان افسران کو بچانے کی کوشش کی گئی ہے جو علاقے میں غیرقانونی تعمیرات کی اجازت دینے، انہیں روکنے میں ناکامی یا غفلت کے ذمہ دار ہوسکتے ہیں۔

سانحے کے بعد شہریوں کی جانب سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ محض معطلیوں کے بجائے اس بات کا تعین کیا جائے کہ متعلقہ علاقے میں غیرقانونی تعمیرات کس کی نگرانی میں ہوئیں، ان کے خلاف بروقت کارروائی کیوں نہیں کی گئی اور عمارتوں کی تعمیر و نگرانی کے ذمہ دار افسران کون تھے۔ اصل ذمہ داروں کے تعین اور ان کے خلاف شفاف کارروائی کے بغیر ایسے اقدامات سے احتساب کے تقاضے پورے نہیں ہوسکتے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت