جمعہ، 27 نومبر، 2026 · 18 جمادی الثانی، 1448 ہجری

گوگل میپس میں ایک بہترین فیچر کا اضافہ

قومی خبریں
گوگل میپس میں ایک بہترین فیچر کا اضافہ

گوگل میپس میں صارفین کو اپنی پسند کے مطابق نقشے کی ظاہری شکل تبدیل کرنے کے لیے مختلف سہولتیں دستیاب ہیں، جن میں ہلکی اور گہری تھیمز بھی شامل ہیں۔

تاہم اب گوگل ایک نئے فیچر پر کام کر رہا ہے جس کے ذریعے راستوں کی رہنمائی کے دوران نقشے کا انداز تبدیل کیا جاسکے گا اور مختلف مقامات کے درمیان فرق کرنا آسان ہوگا۔

اینڈرائیڈ اتھارٹی کی رپورٹ کے مطابق گوگل میپس میں ’’ہائی ویزیبلٹی میپ اسٹائل‘‘ نامی فیچر متعارف کرانے کی تیاری کی جا رہی ہے۔ اس فیچر کے استعمال سے ہلکی اور گہری، دونوں تھیمز میں نقشے کے رنگوں کی ترتیب تبدیل ہوجائے گی۔

ہلکی تھیم میں اس فیچر کو فعال کرنے پر پودوں اور سبز علاقوں کا چمکدار سبز رنگ گہرا اور مدھم ہوجائے گا، جبکہ صارف کے موجودہ مقام کی نشاندہی کرنے والا نیلا نشان جامنی رنگ کا ہوجائے گا۔ اس طرح نقشہ پہلے کے مقابلے میں زیادہ مدھم مگر منظم دکھائی دے گا۔

گہری تھیم میں اس فیچر کے استعمال سے نقشے کا نیلا پس منظر تقریباً سیاہ رنگ میں تبدیل ہوجائے گا، جبکہ چمکدار نیلے رنگ کی جگہ جامنی رنگ لے لے گا۔

اسی طرح آبی ذخائر اور سبز علاقے بھی گہرے رنگوں میں دکھائی دیں گے، تاہم سڑکوں اور مقامات کے نام واضح رہیں گے تاکہ صارفین کے لیے راستوں کی شناخت آسان ہو۔

رپورٹ کے مطابق یہ تبدیلیاں صرف نقشے کے رنگوں تک محدود ہوں گی۔ راستوں کی رہنمائی کے دیگر کنٹرولز، موڑ سے متعلق ہدایات اور اسکرین کے نچلے حصے میں موجود معلوماتی پینل پہلے کی طرح برقرار رہیں گے۔

چونکہ اس فیچر کی آزمائش ابھی جاری ہے، اس لیے یہ کہنا مشکل ہے کہ اسے صارفین کے لیے کب متعارف کرایا جائے گا۔

بشکریہ روزنامہ جسارت