قانون سازی کے پیچھے چھپی نیتیں اکثر اداروں کی سمجھ میں نہیں آتیں، جسٹس (ر) محسن اختر کیانی

جسٹس ریٹائرڈ محسن اختر کیانی نے کہا ہے کہ قانون سازی کے پسِ پردہ مقاصد کو اکثر ادارے سمجھنے سے قاصر رہتے ہیں، جبکہ معاشرے میں بھی قانون کی درست تشریح اور سمجھ بوجھ پیدا نہیں کی جاسکی۔
انہوں نے کہا کہ قانون سازی کرنا عدلیہ نہیں بلکہ پارلیمان کی ذمہ داری ہے، تاہم قانون پر عمل درآمد کرانے والے اداروں نے جانبدارانہ طرزِ عمل اختیار کرلیا ہے۔ ان کے مطابق 26ویں اور 27ویں آئینی ترامیم کے بعد اعلیٰ عدلیہ میں اختلافات اور تنازعات پیدا ہوئے، جنہیں حل کرنے میں پارلیمان کردار ادا کرسکتی ہے۔
جسٹس (ر) محسن اختر کیانی نے شہریوں کی آزادیٔ اظہار اور صحافیوں کے تحفظ پر بھی زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ محض اظہارِ رائے کرنے پر کسی شہری کو لاپتا نہیں کیا جاسکتا اور نہ ہی کسی صحافی کو انٹرویو کرنے پر مقدمات کا سامنا کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ میڈیا کو تحفظ فراہم کرنا ضروری ہے، جبکہ پیکا قانون کے اثرات صحافیوں کے ساتھ پارلیمنٹیرینز اور وکلا کو بھی بھگتنا پڑ رہے ہیں۔
بشکریہ روزنامہ جسارت