حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان پیٹرولیم ریلیف پیکج پر معاہدہ طے پاگیا، حافظ نعیم
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے دوران پیٹرولیم مصنوعات پر ریلیف کے حوالے سے حکومت کے ساتھ اتفاق ہوگیا ہے۔
وزیراعظم سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے بتایا کہ پیٹرول ریلیف پیکج میں ایک ہزار سی سی تک کی گاڑیوں کو شامل کرلیا گیا ہے، جبکہ ساڑھے 12 ایکڑ تک زمین رکھنے والے کسانوں کو ٹریکٹروں کے لیے ڈیزل پر ریلیف دینے پر بھی اتفاق ہوا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری سطح پر 1600 سی سی سے بڑی گاڑیاں استعمال نہیں کی جائیں گی۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے جماعت اسلامی کی معاشی تجاویز پر غور اور ان پر عمل درآمد کے لیے کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعظم نے تجاویز کا سنجیدگی سے جائزہ لینے اور ان پر تیزی سے عمل درآمد یقینی بنانے کی یقین دہانی بھی کرائی۔
بشکریہ روزنامہ جسارت