خیبر پختونخوا میں سیاسی صف بندی، پی ٹی آئی سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنما مسلم لیگ (ق) میں شامل

خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے مختلف سیاسی جماعتوں کے اہم رہنماؤں نے مسلم لیگ (ق) میں شمولیت اختیار کرلی۔
لاہور میں چوہدری سالک حسین سے ملاقات کے دوران پیپلز پارٹی، پاکستان تحریک انصاف، مسلم لیگ (ن) اور جمعیت علمائے اسلام کے متعدد رہنما مسلم لیگ (ق) میں شامل ہوگئے۔
پیپلز پارٹی کے حاجی رشید خان کنڈی اور لقمان یاسین، تحریک انصاف کے شیر عالم خان مسعود اور آصف کنڈی ایڈووکیٹ نے مسلم لیگ (ق) میں شمولیت اختیار کی۔
اسی طرح مسلم لیگ (ن) کے قیصر ندیم ایڈووکیٹ اور شہزاد ملنگی جبکہ جمعیت علمائے اسلام کے عمر معاویہ بھی مسلم لیگ (ق) کا حصہ بن گئے۔ ضلع پہاڑپور کی معروف سیاسی و سماجی شخصیت مخدوم زادہ سید مرید حیدر شاہ بخاری نے بھی جماعت میں شمولیت اختیار کرلی۔
چوہدری سالک حسین سے حاجی رشید خان کنڈی کی ملاقات میں ملک کی سیاسی صورتحال اور جماعت کی تنظیم سازی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
چوہدری سالک حسین نے نئے شامل ہونے والے رہنماؤں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ انہیں جماعت میں مؤثر کردار دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ق) کو ملک بھر میں منظم اور فعال سیاسی قوت بنایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں امن کے قیام، دہشت گردی کے خاتمے اور معاشی ترقی کے لیے تمام سیاسی قوتوں کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت