نیتن یاہو کی مشکلات میں اضافہ: آئزنکوٹ اور یائر گولان کے درمیان اتحاد

مقبوضہ بیت المقدس: اسرائیل میں جاری سیاسی بحران کے دوران سابق فوجی سربراہ گادی آئزنکوٹ اور یائر گولان کی جماعتوں نے ایک اہم انتخابی معاہدہ طے کر لیا ہے۔
اس پیش رفت نے موجودہ وزیراعظم نیتن یاہو کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے، جن کے لیے اب حکومت بچانا ایک چیلنج بن چکا ہے۔
مشترکہ بیان کے مطابق یاشار پارٹی اور ڈیموکریٹس پارٹی کے درمیان مذاکرات کامیاب ہو گئے ہیں، جس کے نتیجے میں بائیں بازو کی جماعت ڈیموکریٹس کو حکومت میں 4 کلیدی وزارتیں دینے پر اتفاق پایا گیا ہے۔ ان وزارتوں میں قومی سلامتی اور مواصلات کے اہم محکمے شامل ہیں۔
معاہدے کے تحت ڈیموکریٹس کو ثقافت و کھیل، اور محنت و بہبود کی وزارتیں سونپی جائیں گی۔ آئزنکوٹ نے تجویز دی ہے کہ محنت اور بہبود کے محکموں کو یکجا کیا جائے گا، جس کے ساتھ سماجی مساوات کی نگرانی کا اضافی کام بھی ان ہی جماعتوں کے پاس ہوگا۔
اگرچہ اپوزیشن اتحاد کی جانب سے وزارتِ تعلیم اور وزارتِ انصاف کے حصول کی کوشش کی گئی تھی، تاہم انہیں یہ دونوں عہدے نہیں مل سکے۔ اس کے متبادل کے طور پر ڈیموکریٹس کو پارلیمان کی آئینی، قانونی اور عدالتی امور کی کمیٹی کی سربراہی دینے پر اتفاق ہوا ہے۔
نئے سیاسی معاہدے کے تحت ججوں کے تقرر سے متعلق کمیٹی میں بھی ان جماعتوں کو خصوصی نمائندگی دی جائے گی۔ اس اقدام کا مقصد عدلیہ کے امور میں شفافیت لانا ہے، تاکہ عدالتی معاملات پر حکومتی گرفت کو کمزور کیا جا سکے اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنایا جا سکے۔
اتحادی معاہدے میں عدالتی اصلاحات کے متنازع منصوبے کو مکمل طور پر ختم کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی گئی ہے۔ یہ فیصلہ عدلیہ کی آزادی اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے کیا گیا ہے، جس پر دونوں جماعتوں نے مکمل اتفاق رائے کا اظہار کیا ہے۔
فریقین اب معاہدے کی ان تفصیلات کو حتمی شکل دے رہے ہیں اور بہت جلد باقاعدہ دستخط کیے جائیں گے۔ اس پیش رفت کے بعد اسرائیلی پارلیمان میں طاقت کا توازن تبدیل ہونے کا امکان ہے، جس سے نیتن یاہو کی حکومت مزید کمزور اور تنہائی کا شکار ہو سکتی ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت