شیخ حسینہ کی وطن واپسی: امریکا کی بنگلا دیشی حکومت کو کھلی دھمکی

ڈھاکا: بنگلا دیش کی سابق وزیراعظم شیخ حسینہ کی وطن واپسی کے اعلان کے بعد عالمی سطح پر سفارتی کشیدگی میں اضافہ ہوگیا ہے۔
امریکا کے سابق عہدیدار مائیکل روبن نے ڈھاکا حکومت کو سنگین نتائج کی تنبیہ کر دی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم کی واپسی پر انہیں کسی قسم کا نقصان پہنچا تو اس کی تمام تر ذمہ داری موجودہ حکومت پر عائد ہوگی۔
نیویارک میں ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مائیکل روبن نے کہا کہ اگر شیخ حسینہ کے سر کا ایک بال بھی بیکا ہوا تو اس کے نتائج وزیراعظم طارق رحمان اور ان کی کابینہ کو بھگتنا پڑیں گے۔ انہوں نے مختلف ممالک کے سفارت کاروں پر زور دیا کہ وہ ڈھاکا کو یہ پیغام دیں کہ سیاسی انتقام کا عمل برداشت نہیں کیا جائے گا۔
مائیکل روبن نے بھارت سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ اپنے موقف پر قائم رہے اور شیخ حسینہ کی مکمل حمایت جاری رکھے۔
یاد رہے کہ شیخ حسینہ نے 16 دسمبر کو بنگلا دیش واپس جانے کا اعلان کیا ہے۔ وہ 2024ء میں طلبا کی جانب سے چلائی گئی عوامی تحریک کے نتیجے میں اقتدار چھوڑ کر ملک سے فرار ہوکر بھارت منتقل ہوگئی تھیں۔
دوسری جانب بنگلا دیشی وزیر خارجہ شاما عبید اسلام نے سخت موقف اپناتے ہوئے کہا کہ شیخ حسینہ کے وطن پہنچتے ہی انہیں گرفتار کر کے جیل بھیج دیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ شیخ حسینہ کو پہلے ہی سزائے موت سنائی جا چکی ہے، اس لیے ان کی گرفتاری قانونی عمل کا حصہ ہوگی۔
وزیر خارجہ نے یہ بھی واضح کیا کہ شیخ حسینہ کی واپسی کے لیے بھارت سے کسی طیارے کی فراہمی یا دیگر کسی قسم کی باضابطہ بات چیت کا کوئی عمل شروع نہیں ہوا ہے۔ فی الحال دونوں ممالک کے درمیان اس معاملے پر خاموشی ہے تاہم 16 دسمبر کی تاریخ قریب آتے ہی سیاسی درجہ حرارت میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت