قائد آباد میں موبائل فون کی دکان پر بڑی ڈکیتی، 169 موبائل فون اور 8 لاکھ روپے لوٹ لیے گئے

کراچی کے علاقے قائد آباد شاپنگ سینٹر میں تین مسلح ڈاکو چوکیدار کو یرغمال بنا کر موبائل فون کی دکان سے 169 موبائل فون اور 8 لاکھ روپے نقد لوٹ کر فرار ہوگئے۔ واردات صبح تقریباً 4 بجے پیش آئی۔
کراچی الیکٹرونکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر محمد رضوان عرفان کے مطابق ملزمان نے شاپنگ سینٹر کے چوکیدار کو قابو میں لے کر ایف کیو موبائل کو نشانہ بنایا اور قیمتی سامان سمیت نقد رقم لے اڑے۔
ایسوسی ایشن کے صدر نے بتایا کہ قائد آباد میں اس سے قبل بھی ایک موبائل فون ڈیلر سے 75 لاکھ روپے کی ڈکیتی ہوچکی ہے، تاہم اس واردات میں ملوث ملزمان کا تاحال سراغ نہیں مل سکا۔
Video Player
00:00
00:00
محمد رضوان عرفان کا کہنا تھا کہ علاقے میں ڈکیتی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں سے تاجروں میں شدید تشویش، عدم تحفظ اور بے چینی پائی جاتی ہے۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ تاجروں میں بڑھتا ہوا اشتعال امن و امان کی صورتحال کو متاثر کرسکتا ہے۔
کراچی الیکٹرونکس ڈیلرز ایسوسی ایشن نے ایڈیشنل آئی جی کراچی اور دیگر اعلیٰ پولیس حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وارداتوں کا فوری نوٹس لیا جائے، ملزمان کو گرفتار کرکے لوٹا گیا سامان برآمد کیا جائے اور تاجروں کے مالی نقصان کا ازالہ یقینی بنایا جائے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت