جمعہ، 27 نومبر، 2026 · 18 جمادی الثانی، 1448 ہجری

وزیراعظم یوتھ لون اسکیم میں قرض کی حد بڑھا کر ڈھائی کروڑ روپے کردی گئی

قومی خبریں

وفاقی حکومت نے وزیراعظم یوتھ بزنس و ایگریکلچر لون اسکیم میں بڑی تبدیلی کرتے ہوئے نوجوانوں کے لیے قرض کی زیادہ سے زیادہ حد 75 لاکھ روپے سے بڑھا کر ڈھائی کروڑ روپے کردی ہے، جس کے تحت اب اسکیم میں نیا ٹیئر 4 بھی متعارف کرادیا گیا ہے۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے اس حوالے سے تمام بینکوں کو ترمیمی مراسلہ جاری کردیا ہے۔ نئے ٹیئر 4 کے تحت 75 لاکھ روپے سے زائد اور ڈھائی کروڑ روپے تک قرض حاصل کیا جاسکے گا۔ اس قرض کی زیادہ سے زیادہ مدت 8 سال مقرر کی گئی ہے، جس میں ایک سال تک کی رعایتی مدت بھی شامل ہوگی۔ قرض کے لیے سیکیورٹی متعلقہ بینک کی پالیسی کے مطابق حاصل کی جائے گی۔

ترمیم کے بعد اسکیم کے تحت قرضوں کی تقسیم چار درجات میں ہوگی۔ ٹیئر 1 میں 5 لاکھ روپے تک، ٹیئر 2 میں 5 لاکھ سے 15 لاکھ روپے تک، ٹیئر 3 میں 15 لاکھ سے 75 لاکھ روپے تک جبکہ ٹیئر 4 میں 75 لاکھ سے ڈھائی کروڑ روپے تک قرض فراہم کیا جائے گا۔

مراسلے کے مطابق ٹیئر 4 کے لیے بینکوں کی شرحِ سود 6 ماہ کے کائیبور پلس 2.4 فیصد مقرر کی گئی ہے، جبکہ قرض لینے والے نوجوانوں کے لیے شرحِ سود 8 فیصد ہوگی۔ قرضوں کے خطرات کم کرنے کے لیے پورٹ فولیو پر 10 فیصد تک فرسٹ لاس کوریج بھی فراہم کی جائے گی۔ ٹیئر 3 کی دیگر شرائط نئے ٹیئر 4 پر بھی لاگو ہوں گی۔

اس کے علاوہ ٹیئر 3 کے لیے بینکوں کی شرحِ سود بھی 6 ماہ کے کائیبور پلس 2.4 فیصد کردی گئی ہے۔ لیپ ٹاپ فار آل اور پراسپیکٹو اوورسیز ورکرز کو ٹیئر 5 میں منتقل کردیا گیا ہے، جبکہ بینکوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ اسکیم میں خواتین کے لیے قرضوں کا کوٹہ کم از کم 30 فیصد تک بڑھایا جائے۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق اسکیم کی دیگر شرائط، ضوابط اور سبسڈی کی ادائیگی کا طریقہ کار برقرار رہے گا۔ نئی شرائط کا اطلاق مراسلہ جاری ہونے کے بعد تقسیم کیے جانے والے قرضوں پر ہوگا۔ اس اسکیم کا بنیادی مقصد نوجوانوں کو کاروبار اور زرعی سرگرمیوں کے لیے آسان شرائط پر مالی معاونت فراہم کرکے خود روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل اسکیم میں صرف تین ٹیئر شامل تھے، جن کے تحت ٹیئر 1 میں 5 لاکھ روپے تک بلا سود، ٹیئر 2 میں 5 لاکھ سے 15 لاکھ روپے تک 5 فیصد اور ٹیئر 3 میں 15 لاکھ سے 75 لاکھ روپے تک 7 فیصد شرحِ سود پر قرض دیا جاتا تھا۔

بشکریہ روزنامہ جسارت