جمعہ، 27 نومبر، 2026 · 18 جمادی الثانی، 1448 ہجری

سندھ حکومت کا ایم کیو ایم کو 29 نومبر کو شاہراہ فیصل پر ریلی کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ

قومی خبریں
سندھ حکومت کا ایم کیو ایم کو 29 نومبر کو شاہراہ فیصل پر ریلی کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ

کراچی میں سندھ حکومت نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کو 29 نومبر کو شاہراہ فیصل پر ریلی نکالنے کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

محکمہ داخلہ سندھ کے ذرائع کے مطابق اس روز ایک سے زائد سیاسی جماعتوں کی سرگرمیوں کے باعث تصادم اور امن و امان کی صورتحال خراب ہونے کا خدشہ ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ 29 نومبر کو جلسے اور ریلی کے انعقاد کے لیے سندھ ترقی پسند پارٹی نے پہلے درخواست جمع کرائی تھی، اس لیے پہلے اعلان کرنے والی جماعت کو ترجیح دی جائے گی۔ حکومت کسی سیاسی جماعت کو ریلی نکالنے سے روکنے کے حق میں نہیں، تاہم ایک ہی دن اور ممکنہ طور پر ایک ہی علاقے میں مختلف جماعتوں کے اجتماعات سے ٹکراؤ کا خطرہ موجود ہے۔

محکمہ داخلہ کے ذرائع کے مطابق اسی خدشے کے پیش نظر ایم کیو ایم کو شاہراہ فیصل پر 29 نومبر کو ریلی کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ حکام نے پارٹی کو تجویز دی ہے کہ وہ اپنے جلسے یا ریلی کے لیے کوئی اور تاریخ مقرر کرے تاکہ سیاسی سرگرمی پُرامن انداز میں منعقد ہوسکے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ایم کیو ایم کو ریلی کا روٹ تبدیل کرنے کا مشورہ بھی دیا گیا ہے۔ محکمہ داخلہ کی جانب سے متبادل تاریخ اور مقام کے حوالے سے تجاویز دی گئی ہیں تاکہ مختلف سیاسی جماعتوں کے اجتماعات کے درمیان تصادم سے بچا جاسکے اور شہر میں امن و امان برقرار رکھا جاسکے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت