ترک صدر نے مکہ دفاعی معاہدے کی باضابطہ منظوری دیدی
ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے پاکستان اور سعودی عرب کے ساتھ طے پانے والے مکہ دفاعی معاہدے کی باضابطہ منظوری دے دی۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق صدر اردوان کی منظوری کے بعد ترکیہ میں معاہدے کی توثیق کا عمل مکمل ہوگیا ہے۔ ترکیہ کی پارلیمنٹ نے 5 نومبر کو مشترکہ دفاعی معاہدے کی توثیق کی تھی۔ ترکیہ سعودی عرب میں اپنی فوج تعینات کرنے کی اجازت کے لیے پارلیمان میں قرارداد بھی پیش کرے گا۔
ترکیہ نیٹو کی دوسری بڑی فوجی طاقت ہے، جبکہ پاکستان اسلامی دنیا کی واحد ایٹمی قوت اور سعودی عرب تیل برآمد کرنے والے بڑے ممالک میں شامل ہے۔ تینوں ممالک کے درمیان مشترکہ دفاعی معاہدہ رواں سال اگست میں طے پایا تھا۔
دوسری جانب سعودی عرب کی سلامتی اور حرمین شریفین کے تقدس کے تحفظ کے لیے مکہ دفاعی اتحاد کا اہم اجلاس آج اسلام آباد میں ہوگا، جس میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے اعلیٰ سیاسی اور عسکری حکام شرکت کریں گے۔ اجلاس دو روز تک جاری رہے گا۔
مکہ دفاعی اتحاد کی اسٹریٹجک، سیاسی اور دفاعی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کے لیے غیر ملکی وفود اسلام آباد پہنچ رہے ہیں۔ اجلاس میں مشترکہ دفاعی معاہدے پر عمل درآمد کے عملی طریقہ کار پر غور کیا جائے گا۔
تینوں ممالک کے درمیان ممکنہ عسکری معاونت، خفیہ معلومات کے تبادلے اور فضائی دفاع کے شعبے میں تعاون پر بھی بات چیت متوقع ہے۔
اجلاس میں عسکری ہم آہنگی کو فروغ دینے، مکہ معاہدے کو قابل عمل علاقائی سلامتی کے نظام میں تبدیل کرنے اور اس کے ادارہ جاتی ڈھانچے کی تشکیل میں پیش رفت کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔
بشکریہ روزنامہ جسارت