کراچی میں گزشتہ 5 برس کے دوران عمارتیں گرنے سے 87 افراد جاں بحق ہوئے

کراچی: گزشتہ 5 برسوں کے دوران شہر قائد میں عمارتیں گرنے کے 15 بڑے افسوسناک واقعات پیش آئے ہیں جن کے نتیجے میں 87 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ان حادثات نے شہر کے تعمیراتی ڈھانچے اور حفاظتی معیارات پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں جس سے عوامی حلقوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔
حادثات کی تفصیلات کے مطابق ضلع جنوبی میں عمارتیں گرنے کے 3 واقعات میں سب سے زیادہ 31 افراد جاں بحق ہوئے۔ ضلع کیماڑی میں پیش آنے والے 3 حادثات میں 23 اور ضلع شرقی میں 3 واقعات کے دوران 20 قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔
یہ اعداد و شمار انتظامیہ کی ناقص نگرانی اور غیر قانونی تعمیرات کی جانب واضح اشارہ کرتے ہیں۔
اسی طرح ضلع کورنگی میں عمارت گرنے کے 2 واقعات میں 6 افراد جبکہ ضلع وسطی میں 2 حادثات میں 5 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔
علاوہ ازیں ضلع ملیر اور ضلع غربی میں بھی عمارتیں گرنے کے واقعات رونما ہوئے جن میں ایک ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی۔ ان واقعات میں کئی خاندان اپنے پیاروں سے محروم ہو گئے۔
لیاری کے علاقے بغدادی میں 5 منزلہ عمارت گرنے سے 27، شیر شاہ میں گیس دھماکے کے بعد عمارت گرنے سے 17 اور سولجر بازار کی گل رانا کالونی میں عمارت گرنے سے 15 افراد جاں بحق ہوئے۔
اس کے علاوہ شاہ فیصل کالونی میں بھی زیر تعمیر عمارت کے ملبے تلے دب کر 5 مزدوروں کی موت واقع ہوئی۔ نیو کراچی میں فیکٹری کا ڈھانچہ گرنے سے 4 فائر فائٹرز شہید ہوئے جبکہ مچھر کالونی میں 2 الگ الگ واقعات میں 6 افراد لقمہ اجل بنے۔
پی آئی بی کالونی، اولڈ لیاری اور کھڈا مارکیٹ میں بھی عمارتیں گرنے کے حادثات میں 2، 2 افراد جاں بحق ہوئے۔ مزید برآں نارتھ ناظم آباد، اللہ والا ٹاؤن، بھینس کالونی اور منگھوپیر روڈ پر بھی ایسی ہلاکت خیزیاں دیکھنے میں آئیں۔
شہر بھر میں خطرناک عمارتوں کا بڑھتا ہوا جال انتظامیہ کے لیے ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ پرانی عمارتوں کی مرمت اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف سخت کارروائی نہ کی گئی تو مستقبل میں مزید جانی نقصان کا اندیشہ موجود ہے۔
عوام نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ بوسیدہ ڈھانچوں کا فوری سروے کرایا جائے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت