جمعہ، 27 نومبر، 2026 · 18 جمادی الثانی، 1448 ہجری

پاکستان کے خلاف دبئی ٹیسٹ میں بال ٹیمپرنگ کی تجویز دینے والے آسٹریلوی کھلاڑی کا نام سامنے آگیا

قومی خبریں
پاکستان کے خلاف دبئی ٹیسٹ میں بال ٹیمپرنگ کی تجویز دینے والے آسٹریلوی کھلاڑی کا نام سامنے آگیا

آسٹریلوی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ 2018 میں دبئی میں پاکستان کے خلاف ٹیسٹ میچ کے دوران بال ٹیمپرنگ کی تجویز اسپنر نیتھن لیون نے دی تھی۔

رپورٹ کے مطابق انہوں نے گیند کی حالت تبدیل کرنے کے لیے منٹس استعمال کرنے کی تجویز بھی پیش کی تھی۔

آسٹریلوی میڈیا کی تحقیقاتی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نیتھن لیون نے مبینہ طور پر پوچھا تھا کہ منٹس کس کے پاس ہیں اور گیند تیار کرنے کی ذمہ داری کون لے گا۔ ان کی اس تجویز پر ٹیم کے ایک نئے کھلاڑی نے سخت اعتراض کیا تھا، جبکہ سابق کپتان ٹم پین اور اس وقت کے کوچ جسٹن لینگر نے بھی منٹس کے استعمال کی کوشش روک دی تھی۔

یہ انکشاف ایک حالیہ تحقیقاتی رپورٹ کے بعد سامنے آیا ہے، جس میں 2018 کے دبئی ٹیسٹ کے دوران آسٹریلوی ٹیم کے مبینہ بال ٹیمپرنگ منصوبے کا ذکر کیا گیا تھا۔ اس نئے دعوے پر نیتھن لیون کے مینیجر سے بھی مؤقف لینے کے لیے رابطہ کیا گیا ہے۔

دوسری جانب آسٹریلوی میڈیا کے مطابق نیتھن لیون کو نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے لیے ٹیم سے باہر کیے جانے کا امکان ہے۔ اس کی وجہ ان کی حالیہ کارکردگی بتائی جارہی ہے، جبکہ رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ ٹیم سے ڈراپ ہونے کا مبینہ بال ٹیمپرنگ تنازع سے کوئی تعلق نہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 2018 میں دبئی میں کھیلا گیا ٹیسٹ میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگیا تھا۔

بشکریہ روزنامہ جسارت