جمعہ، 27 نومبر، 2026 · 18 جمادی الثانی، 1448 ہجری

ایران کا امریکی ایف 16 طیارے کو وارننگ فائر کے بعد واپس بھیجنے کا دعویٰ

قومی خبریں
ایران کا امریکی ایف 16 طیارے کو وارننگ فائر کے بعد واپس بھیجنے کا دعویٰ

ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے جدید فضائی دفاعی نظام نے خلیج میں جزیرہ ہنگام کے قریب امریکی ایف 16 لڑاکا طیارے کو وارننگ فائر کرکے واپس جانے پر مجبور کردیا۔

الجزیرہ کے مطابق ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم نے پاسدارانِ انقلاب کے شعبہ تعلقات عامہ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ امریکی طیارہ جزیرہ ہنگام کے جنوب مشرقی ساحلی پانیوں میں ایرانی فضائی حدود کے قریب پہنچا تھا۔ ایرانی بیان کے مطابق طیارہ ایسے بحری جہازوں کو فضائی تحفظ فراہم کر رہا تھا جو مبینہ طور پر سمندری آمدورفت کے ضوابط کی خلاف ورزی کررہے تھے۔

پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے کہ ایرانی فضائی دفاعی نظام کی جانب سے کارروائی کے بعد امریکی طیارے نے اپنا راستہ تبدیل کیا اور علاقے سے واپس چلا گیا۔

ایرانی حکام نے خبردار کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کے مقررہ ضوابط اور نگرانی کے نظام کو نظرانداز کرنے کی کوشش برداشت نہیں کی جائے گی۔ بیان میں کہا گیا کہ خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری رہا تو اس کے ذمہ داروں اور ان کی حمایت کرنے والی فوجی قوتوں کو سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

ایرانی فوج نے مزید کہا کہ ملکی فضائی حدود اس کے لیے ناقابلِ سمجھوتہ سرخ لکیر ہیں اور امریکی طیاروں کی جانب سے خلاف ورزی کی کسی بھی کوشش کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔ تاہم امریکی ایف 16 طیارے کو واپس بھیجنے سے متعلق یہ دعویٰ تاحال ایرانی پاسدارانِ انقلاب ہی کی جانب سے سامنے آیا ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت