جمعہ، 27 نومبر، 2026 · 18 جمادی الثانی، 1448 ہجری

پاکستان 2035 تک ایک ہزار ارب ڈالر کی معیشت بن جائے گا، احسن اقبال

قومی خبریں
پاکستان 2035 تک ایک ہزار ارب ڈالر کی معیشت بن جائے گا، احسن اقبال

بیجنگ: وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان کو 2035 تک 1000 ارب اور 2047 تک 3000 ارب ڈالر کی معیشت بنانے کا قومی ہدف مقرر کر لیا گیا ہے۔ یہ اہداف اڑان پاکستان پروگرام کے تحت تیزی سے حاصل کیے جائیں گے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق احسن اقبال نے بیجنگ میں ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ پاکستان اور چین کی دوستی اب زمینی حدود سے نکل کر خلا تک پہنچ چکی ہے۔ پاکستانی خلا نورد ذیشان علی چینی خلائی اسٹیشن کے پہلے بین الاقوامی مہمان بن کر ملک کے لیے اعزاز کا باعث بنے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان چین کے انسان بردار خلائی مشن کا پہلا بین الاقوامی شراکت دار بن گیا ہے۔ اس شراکت داری کے تحت پاکستان اب آئندہ قمری مشن میں چاند پر اپنا روور بھیجنے کے لیے پرعزم ہے، جو ملکی خلائی تاریخ کا ایک بڑا سنگ میل ثابت ہوگا۔

وفاقی وزیر نے وضاحت کی کہ پاکستان نے گزشتہ 2 برسوں کے دوران تقریباً 5 سیٹلائٹس کامیابی کے ساتھ خلا میں بھیجے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ذیشان علی کے خلائی تجربات مستقبل میں موسمیاتی تبدیلیوں کے خلاف مزاحمت رکھنے والے بیجوں اور جدید صنعتی مواد کی تیاری میں اہم ثابت ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جدید سیٹلائٹ ٹیکنالوجی کے استعمال سے قدرتی آفات کی بروقت پیش گوئی ممکن ہوگی، جس سے ملک میں امدادی کارروائیوں کے نظام کو مزید فعال اور مؤثر بنایا جا سکے گا۔ اس جدید ٹیکنالوجی کا فائدہ براہ راست عام آدمی تک پہنچانے کا عزم موجود ہے۔

احسن اقبال نے زور دیا کہ معاشی ترقی اور تکنیکی پیش رفت ایک دوسرے کے ساتھ جڑی ہوئی ہیں۔ پاکستان اپنے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر اور چین کے ساتھ سائنسی تعاون کو فروغ دے کر عالمی معیشت میں اپنی ایک مستحکم اور باوقار حیثیت بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہا ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت