واٹس ایپ کا نیا ٹریول ای سم فیچر متعارف، بیرون ملک ڈیٹا پلان خریدنا ہوگا آسان

واٹس ایپ نے بیرون ملک سفر کرنے والے صارفین کی سہولت کے لیے ٹریول ای سم فیچر باضابطہ طور پر متعارف کرا دیا ہے، جس کے ذریعے صارفین ایپ کے اندر ہی موبائل ڈیٹا پلان خرید اور انسٹال کرسکیں گے۔
کمپنی کے مطابق اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لیے صارفین کو کسی دوسری ایپ پر جانے یا فزیکل سم کارڈ تبدیل کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ بیرون ملک مقامی نیٹ ورک سے منسلک ہونے کے باوجود ان کا موجودہ واٹس ایپ نمبر برقرار رہے گا۔
نئے فیچر سے مسافروں کو بیرون ملک پہنچنے کے بعد ایئرپورٹ پر مقامی سم تلاش کرنے، وائی فائی کی تلاش یا مہنگے رومنگ چارجز سے بچنے میں مدد ملے گی۔
واٹس ایپ نے ابتدائی مرحلے میں اس فیچر کو مخصوص ممالک میں متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے، تاہم ابھی ان ممالک کے نام ظاہر نہیں کیے گئے۔ میٹا نے اس سہولت کی فراہمی کے لیے ای سم فراہم کرنے والی کمپنیوں اور ٹیلی کام اداروں کے ساتھ شراکت داری بھی کی ہے۔
WABetaInfo کی رپورٹ کے مطابق دستیابی کی صورت میں یہ فیچر واٹس ایپ کے اکاؤنٹ سیکشن میں نظر آسکتا ہے۔ تاہم یہ سہولت صرف ان اسمارٹ فونز پر کام کرے گی جو ای سم ٹیکنالوجی کو سپورٹ کرتے ہیں۔
بشکریہ روزنامہ جسارت