جمعہ، 27 نومبر، 2026 · 18 جمادی الثانی، 1448 ہجری

پنجاب حکومت نے تلور کے محدود شکار کے لیے دو ماہ کی عارضی اجازت دے دی

قومی خبریں
پنجاب حکومت نے تلور کے محدود شکار کے لیے دو ماہ کی عارضی اجازت دے دی

پنجاب حکومت نے رواں موسم سرما میں تلور (ہوبارا بسٹرڈ) کے محدود شکار کی اجازت دینے کے لیے سال بھر عائد قانونی پابندی عارضی طور پر دو ماہ کے لیے ختم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

یہ فیصلہ کابینہ کی قانون سازی اور نجکاری سے متعلق قائمہ کمیٹی کے 42ویں اجلاس میں کیا گیا، جس کی صدارت صوبائی وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمان نے کی۔ محکمہ جنگلی حیات و پارکس پنجاب نے تلور کو سال بھر تحفظ فراہم کرنے والے تھرڈ شیڈول سے نکال کر شکار کی اجازت والے فرسٹ شیڈول میں شامل کرنے کی تجویز پیش کی تھی، جسے کمیٹی نے منظور کرلیا۔

وائلڈلائف حکام کے مطابق کمیٹی کے فیصلے کے بعد ضروری قانونی کارروائی مکمل کرکے تلور کو فرسٹ شیڈول میں شامل کیا جائے گا، جس کے نتیجے میں مخصوص مدت کے دوران محدود شکار کی اجازت دی جاسکے گی۔ پنجاب وائلڈلائف ایکٹ 1974 کے تحت تلور فی الحال تھرڈ شیڈول میں شامل ہے، تاہم قانون کی دفعہ 45(i) حکومت کو سرکاری گزٹ کے ذریعے جنگلی جانوروں اور پرندوں کو مختلف شیڈولز میں شامل یا خارج کرنے کا اختیار دیتی ہے۔

پاکستان میں تلور کے شکار کے لیے روایتی طور پر سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر اور بحرین سمیت خلیجی ممالک سے عرب شخصیات آتی ہیں، جن میں سے بعض جنوبی پنجاب کے صحرائی علاقوں کا رخ کرتی ہیں۔

ذرائع کے مطابق خلیجی خطے میں جاری کشیدگی کے باعث رواں سیزن میں عرب شکاریوں کی پاکستان آمد گزشتہ برسوں کے مقابلے میں محدود رہنے کا امکان ہے۔ فی الحال ایک بڑے عرب ملک سے شکاریوں کی آمد کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

واضح رہے کہ تلور کے شکار کے لیے علاقوں کی سفارش وفاقی وزارت خارجہ کرتی ہے، جبکہ شکار کے اجازت نامے متعلقہ صوبائی حکومتیں اپنے قوانین کے تحت جاری کرتی ہیں۔

بشکریہ روزنامہ جسارت