جمعہ، 27 نومبر، 2026 · 18 جمادی الثانی، 1448 ہجری

یوکرین کا لیزر ہتھیار کے ذریعے روسی جیٹ ڈرون تباہ کرنے کا کامیاب تجربہ

قومی خبریں
یوکرین کا لیزر ہتھیار کے ذریعے روسی جیٹ ڈرون تباہ کرنے کا کامیاب تجربہ

کیف: یوکرین نے جدید دفاعی ٹیکنالوجی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی بار لیزر ہتھیار کے ذریعے روسی جیٹ انجن والا ڈرون مار گرایا۔

خبر رساں اداروں کے مطابق صدر ولادیمیر زیلنسکی کے سینیئر عسکری مشیر سرہی فلیش بیسکریسٹنوف نے اس کامیابی کی تصدیق کرتے ہوئے اسے ایک اہم سنگ میل قرار دیا ہے۔

یہ کارروائی بلِسک نامی لیزر ائیر ڈیفنس سسٹم کے ذریعے ممکن بنائی گئی ہے۔ اس جدید دفاعی نظام کو یوکرین کی نجی ٹیکنالوجی کمپنی کارمائن اسکائی نے ڈیزائن اور تیار کیا ہے۔

یہ نظام ملک کے وسیع تر پرائیویٹ ائیر ڈیفنس پروگرام کا ایک اہم حصہ تصور کیا جاتا ہے۔

یوکرین کے اس نجی فضائی دفاعی اقدام میں اس وقت 100 سے زائد نجی کمپنیاں شامل ہو کر ملکی دفاع کو مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کر رہی ہیں۔ اس لیزر سسٹم کی کامیابی سے یوکرینی فضائی دفاعی صلاحیتوں میں نمایاں بہتری آنے کی امید ظاہر کی جا رہی ہے۔

روس نے رواں سال کے اوائل میں یوکرین کے خلاف جیٹ انجن والے ڈرونز کا استعمال شروع کیا تھا۔

یہ ڈرونز روایتی پروپیلر ڈرونز کے مقابلے میں انتہائی تیز رفتار ہوتے ہیں، جس کی وجہ سے انہیں نشانہ بنانا اور فضا میں روکنا یوکرینی افواج کے لیے ایک بڑا چیلنج بن چکا تھا۔

جون 2024ء کے اعداد و شمار کے مطابق یوکرین ان تیز رفتار جیٹ ڈرونز میں سے صرف 57 فیصد کو ہی روکنے میں کامیاب ہو رہا تھا، جو ایک بڑی دفاعی کمزوری سمجھی جاتی تھی۔ اس کے برعکس یوکرین روایتی ڈرونز کو 90 فیصد تک گرانے میں مہارت رکھتا ہے۔

ماہرین کے مطابق لیزر ٹیکنالوجی کا یہ کامیاب استعمال یوکرین کے لیے ایک نئی امید کی کرن ہے۔

اس جدید دفاعی نظام کے فعال ہونے کے بعد توقع کی جا رہی ہے کہ روسی جیٹ ڈرونز کے حملوں کو روکنے کی شرح میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ یہ پیش رفت یوکرینی فضائی دفاعی نظام کے لیے ایک اہم کامیابی ثابت ہوگی۔

بشکریہ روزنامہ جسارت