جمعہ، 27 نومبر، 2026 · 18 جمادی الثانی، 1448 ہجری

حکومت سدا نہیں رہتی، اقتدار سے زیادہ عارضی کچھ نہیں: مریم نواز

قومی خبریں
حکومت سدا نہیں رہتی، اقتدار سے زیادہ عارضی کچھ نہیں: مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ حکومت اور اقتدار سے زیادہ عارضی کوئی چیز نہیں، حکومتیں ہمیشہ نہیں رہتیں، تاہم ان کی کوشش ہے کہ عوام کے خواب پورے کیے جائیں۔

چکوال یونیورسٹی میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ پنجاب کا کوئی بیٹا یا بیٹی وسائل کی کمی کے باعث تعلیم سے محروم نہ رہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا سے بھی ہونہار طلبہ تقریب میں شریک ہوئے ہیں، جنہیں وظائف دیے جا رہے ہیں، جبکہ لیپ ٹاپ اسکیم میں بھی خیبرپختونخوا کے طلبہ کا حصہ رکھا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں چھوٹے شہروں میں طبی سہولتوں کی عدم دستیابی کے باعث مریضوں کو علاج کے لیے بڑے شہروں کا رخ کرنا پڑتا تھا، تاہم اب چکوال میں دل کے مریضوں کا مفت علاج ممکن ہوگا۔ ان کے بقول لاہور میں قائم کیتھ لیب جیسی سہولت چکوال میں بھی موجود ہے، جبکہ اسکول آف ایمننس بھی لاہور کی طرز پر چکوال میں قائم کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ چکوال کے لیے مزید گرین بسیں بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب میں لاکھوں افراد اپنی چھت اپنا گھر اسکیم سے مستفید ہوچکے ہیں اور اب تک اس منصوبے کے تحت ڈھائی لاکھ گھر تعمیر کیے جاچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے بقول جس شخص کو اپنا گھر مل گیا، اسے اپنے مستقبل کا تحفظ مل گیا۔

مریم نواز نے کہا کہ سفارش پر آنے والا شخص اہل نہیں ہوتا، پنجاب میں اب میرٹ کی حکمرانی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومتیں ہمیشہ نہیں رہتیں اور اقتدار عارضی ہوتا ہے، تاہم وہ عوام کے خواب پورے کرنے کی کوشش جاری رکھیں گی۔

بشکریہ روزنامہ جسارت