جمعہ، 27 نومبر، 2026 · 18 جمادی الثانی، 1448 ہجری

ٹرمپ نے ایران کو روس اور چین کی انٹیلی جنس معاونت کی اطلاعات کو زیادہ اہمیت نہ دی

قومی خبریں
ٹرمپ نے ایران کو روس اور چین کی انٹیلی جنس معاونت کی اطلاعات کو زیادہ اہمیت نہ دی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو روس اور چین کی جانب سے انٹیلی جنس معلومات فراہم کیے جانے کی اطلاعات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے خیال میں دونوں ممالک تہران کی کوئی خاص مدد نہیں کر رہے۔

فلوریڈا میں اپنی رہائش گاہ مارا لاگو میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے بتایا کہ ایران کے ساتھ جاری تنازع کا معاملہ چینی اور روسی صدور کے ساتھ حالیہ ملاقاتوں میں بھی زیرِ بحث آیا تھا۔

چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے امریکی صدر نے اسے غیر معمولی قرار دیا اور کہا کہ چین ایران کے معاملے میں محدود کردار ادا کر رہا ہے۔ ان کے مطابق چین چاہے تو مزید مداخلت کرسکتا ہے، تاہم حقیقی مداخلت سے مراد براہِ راست جنگ میں حصہ لینا اور فائرنگ کرنا ہے، محض معلومات فراہم کرنا نہیں۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا بھی دیگر ممالک کے بارے میں انٹیلی جنس معلومات جمع کرتا ہے اور اگر دوسرے ممالک امریکی سرگرمیوں کی جاسوسی کرتے ہیں تو امریکا بھی ایسا ہی کرتا ہے۔

روس کی جانب سے ایران کو انٹیلی جنس معلومات فراہم کرنے سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ ان کے خیال میں ماسکو بھی تہران کو زیادہ معلومات نہیں دے رہا۔ ٹرمپ کے مطابق روس اور چین دونوں ایران کے ساتھ جاری تنازع ختم کرنا چاہتے ہیں اور اس مقصد کے لیے ان کی مدد کررہے ہیں۔

واضح رہے کہ ایسی اطلاعات سامنے آئی ہیں کہ ایران کے اتحادی امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنانے کے لیے اسے انٹیلی جنس معلومات فراہم کررہے ہیں، تاہم ٹرمپ نے ان اطلاعات کو زیادہ اہمیت نہیں دی۔

بشکریہ روزنامہ جسارت