جمعہ، 27 نومبر، 2026 · 18 جمادی الثانی، 1448 ہجری

ریفرنڈم کا معاملہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں پیش کیا جاسکتا ہے، وزیر مملکت قانون

قومی خبریں
ریفرنڈم کا معاملہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں پیش کیا جاسکتا ہے، وزیر مملکت قانون

اسلام آباد :وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے کہ ریفرنڈم کے معاملے کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں پیش کیا جاسکتا ہے جبکہ اس کے لیے الیکٹرانک طریقہ کار بھی اختیار کرنے کی گنجائش موجود ہے۔

اپنے بیان میں وزیر مملکت برائے قانون و انصاف کا کہنا تھا کہ ریفرنڈم سے متعلق معاملہ ابھی پارلیمنٹ میں پیش نہیں ہوا، اس لیے اس حوالے سے سامنے آنے والی تمام باتیں فی الحال مفروضوں کی حیثیت رکھتی ہیں۔ جب تک کوئی باضابطہ تجویز پارلیمنٹ میں نہیں آتی، اس پر حتمی رائے قائم کرنا قبل از وقت ہوگا۔

بیرسٹر عقیل ملک نے آئین کے آرٹیکل 48 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ریفرنڈم کے معاملے کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں پیش کیا جاسکتا ہے، آئینی طریقہ کار کے تحت اس معاملے پر پارلیمانی سطح پر غور اور فیصلہ کیا جاسکتا ہے۔

وزیر مملکت برائے قانون و انصاف نے مزید کہا کہ ریفرنڈم کے طریقہ کار میں تبدیلی کرکے الیکٹرانک طریقہ کار بھی اختیار کیا جاسکتا ہے۔ اس طرح ووٹنگ کے عمل کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی گنجائش موجود ہے، اس حوالے سے حتمی فیصلہ متعلقہ آئینی اور قانونی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔

صوبوں سے متعلق مسلم لیگ (ن) کی پالیسی کے بارے میں بات کرتے ہوئے بیرسٹر عقیل ملک کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) مناسب وقت پر اپنا پالیسی بیان دے گی اور اس معاملے میں کوئی عجلت نہیں کی جائے گی، مسلم لیگ (ن) کے بعض ارکان نے صوبوں سے متعلق اپنی ذاتی آرا کا اظہار ضرور کیا ہے، انفرادی بیانات کو جماعت کی حتمی پالیسی تصور نہیں کیا جانا چاہیے۔ پارٹی اس حوالے سے مناسب وقت پر اپنا مؤقف سامنے لائے گی۔

وزیر مملکت کے اس بیان کے بعد ریفرنڈم کے ممکنہ طریقہ کار، پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں معاملے کی پیشی اور الیکٹرانک ووٹنگ کے امکان سے متعلق بحث ایک بار پھر اہمیت اختیار کرگئی ہے، حکومت کی جانب سے تاحال ریفرنڈم کے انعقاد یا اس کے طریقہ کار کے حوالے سے کسی حتمی فیصلے کا اعلان نہیں کیا گیا۔

بشکریہ روزنامہ جسارت