جمعہ، 27 نومبر، 2026 · 18 جمادی الثانی، 1448 ہجری

امریکی فضائیہ کا حساس ڈیجیٹل نظام ہیک، دفاعی معلومات افشا ہونے کا خدشہ

قومی خبریں
امریکی فضائیہ کا حساس ڈیجیٹل نظام ہیک، دفاعی معلومات افشا ہونے کا خدشہ

واشنگٹن : ہیکرز نے امریکی فضائیہ کے مرکزی کلاؤڈ کمپیوٹنگ پلیٹ فارم ’’کلاؤڈ ون‘‘ تک رسائی حاصل کرلی، جس کے بعد امریکی فضائیہ کا حساس دفاعی، آپریشنل اور انتظامی ڈیٹا خطرے میں پڑنے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس سائبر دراندازی کے نتیجے میں امریکی فضائیہ کے انتہائی حساس ٹیکٹیکل ڈیٹا کے علاوہ فوجی عملے، تنخواہوں، لاجسٹکس اور فوجی سازوسامان کی دیکھ بھال سے متعلق معلومات بھی خطرے سے دوچار ہوسکتی ہیں۔

رائٹرز نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران کلاؤڈ ون کے نظام کو جدید بنانے اور اپ گریڈ کرنے کے کام کے دوران اس دراندازی کا پتا چلا۔ واقعے کے انکشاف کے بعد پورے پلیٹ فارم کے نظام میں خلل پیدا ہوگیا، جس سے اس کی معمول کی سرگرمیاں متاثر ہونے کی اطلاعات ہیں۔

رائٹرز ہیکرز کی شناخت، سائبر حملے کے مکمل دائرہ کار اور اس بات کی تصدیق نہیں کرسکا کہ آیا حملہ آوروں نے امریکی فضائیہ کا کوئی ڈیٹا چوری بھی کیا ہے یا نہیں۔ اس حوالے سے فی الحال معلومات سامنے نہیں آسکیں کہ ہیکرز نے نظام کے کس حد تک حصے تک رسائی حاصل کی۔

رپورٹ کے مطابق 2017 میں شروع کیے گئے کلاؤڈ ون منصوبے کا بنیادی مقصد امریکی فضائیہ کی انفارمیشن ٹیکنالوجی کی ضروریات کے لیے ایک مرکزی اور مربوط پلیٹ فارم فراہم کرنا تھا۔ اس نظام میں 4 بڑے ٹیکنالوجی اداروں مائیکروسافٹ، ایمازون، اوریکل اور الفابیٹ کے وسائل یکجا کیے گئے ہیں، جن کے ذریعے درجنوں مختلف ایپلی کیشنز چلائی جاتی ہیں۔

ان ایپلی کیشنز میں فوجی عملے کا ریکارڈ، تنخواہوں کی ادائیگی، رسد، لاجسٹکس اور فوجی سازوسامان کی دیکھ بھال سے متعلق نظام شامل ہیں۔ اس کے علاوہ کلاؤڈ ون امریکی فضائیہ کے بعض اہم دفاعی اور جنگی انتظامی نظاموں کو بھی سہولت فراہم کرتا ہے۔

ان حساس نظاموں میں فضائیہ کا ’’کلاؤڈ بیسڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول‘‘ نظام بھی شامل ہے، جو شمالی امریکا بھر میں نصب فضائی دفاعی ریڈارز اور دیگر ذرائع سے حاصل ہونے والی معلومات کو یکجا کرتا ہے۔ یہ معلومات فضائی نگرانی اور دفاعی سرگرمیوں کے لیے اہم سمجھی جاتی ہیں۔

اسی طرح ’’تھیٹر انٹیگریٹڈ کمبیٹ میونیشنز سسٹم‘‘ بھی کلاؤڈ ون کے تحت کام کرتا ہے، جو دنیا بھر میں امریکی فضائیہ کے 200 سے زائد مقامات پر موجود بموں اور میزائلوں کا ریکارڈ رکھنے کے لیے استعمال ہوتا ہے۔

امریکی فضائیہ کے اس اہم ڈیجیٹل پلیٹ فارم میں دراندازی نے جدید فوجی نظاموں کے سائبر تحفظ اور حساس دفاعی معلومات کی حفاظت سے متعلق نئے سوالات کھڑے کردیے ہیں۔

بشکریہ روزنامہ جسارت