لاہور میں دفعہ 144 کے نفاذ میں مزید 3 روز کی توسیع، 29 نومبر تک پابندیاں برقرار

لاہور: ضلعی انتظامیہ لاہور نے شہر میں دفعہ 144 کے نفاذ میں مزید تین روز کی توسیع کر دی ہے۔
ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کے نوٹیفکیشن کے مطابق پابندیاں 26 نومبر سے 29 نومبر 2026 تک برقرار رہیں گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق عوامی امن و امان اور حساس سکیورٹی خدشات کے پیش نظر ضلع لاہور میں پانچ یا اس سے زائد افراد کے اجتماع پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ جلوس نکالنے اور غیر قانونی اجتماعات کے لیے لوگوں کو اکسانے پر بھی پابندی ہوگی۔
انتظامیہ کے جاری کردہ احکامات کے تحت شادی بیاہ کی تقریبات، نمازِ جنازہ، تدفین اور عبادت گاہوں میں نماز کی ادائیگی کو پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔
اسی طرح سرکاری و نیم سرکاری امور کی انجام دہی اور عدالتی کارروائیاں بھی دفعہ 144 کی پابندیوں سے مستثنیٰ ہوں گی۔
ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کے مطابق حساس سکیورٹی اطلاعات کے پیش نظر دفعہ 144 میں توسیع کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ دفعہ 144 کے تحت عائد پابندیوں پر عمل درآمد یقینی بنائیں اور امن و امان کے قیام کے لیے انتظامیہ سے تعاون کریں۔
واضح رہے کہ لاہور میں دفعہ 144 کے تحت عائد پابندیاں 29 نومبر 2026 تک نافذ العمل رہیں گی۔
بشکریہ روزنامہ جسارت