لاہور میں نان بائیوں نے 4 دسمبر سے تندور بند کرنے کی دھمکی دے دی

لاہور: شہر لاہور میں نان بائیوں نے 4 دسمبر سے تندور بند کرنے کی دھمکی دے دی ہے۔
متحدہ نان روٹی ایسوسی ایشن نے ضلعی انتظامیہ کو مطالبات کی منظوری کے لیے 3 دسمبر تک کی مہلت دیتے ہوئے 4 دسمبر سے شہر بھر میں تندور بند کرنے کی دھمکی دے دی۔
رپورٹ کے مطابق متحدہ نان روٹی ایسوسی ایشن کی مرکزی باڈی کا اجلاس صدر محمد آفتاب اسلم گل کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں ضلعی انتظامیہ کے مبینہ ناروا سلوک کی بھرپور مذمت کی گئی۔
اجلاس میں عہدیداروں کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ نے تندور مالکان کو سرکاری آٹے کی فراہمی بند کر دی ہے، جس کے باعث تندور مالکان کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
اس موقع پرایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا کہ اوپن مارکیٹ میں آٹے کی قیمت کے تناسب سے روٹی کا نیا سرکاری نرخ مقرر کیا جائے، ضلعی انتظامیہ کو مطالبات پر عمل درآمد کے لیے 3 دسمبر تک کی مہلت دی گئی ہے۔
ایسوسی ایشن کے مطابق مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو 4 دسمبر بروز جمعہ سے تندور بند کرکے ہڑتال کی جائے گی۔
بشکریہ روزنامہ جسارت